
نئی دہلی، 18 مئی (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے روہنی عدالت میں وکیل کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی کرنے والے جج کا تبادلہ کر دیا ہے۔ ہائی کورٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، جج راکیش کمار پنچم کو دہلی جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں وکلاء نے پیر کو جج راکیش کمار پنچم کے مبینہ بدسلوکی کے خلاف ہڑتال کی۔ تقریباً تمام ضلعی عدالتوں میں کسی وکیل کو کمرہ عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ ہڑتال کی اپیل دہلی کی تمام ڈسٹرکٹ کورٹس بار ایسوسی ایشنز کی رابطہ کمیٹی نے دی تھی۔
دراصل، 16 مئی کو، روہنی کورٹ میں جج راکیش کمار پنچم کی عدالت میں ایک سماعت کے دوران، روہنی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجیو کمار تہلان نے پاس اوور (مقدمہ کی بعد میں سماعت کرنے کی درخواست) کی درخواست کی۔ جج نے اس درخواست کو مسترد کر دیا جس کے بعد کچھ اور وکلاء بھی اس میں شامل ہو گئے اور جج اور وکلاء کے درمیان گرما گرم بحث شروع ہو گئی۔ صورتحال اس حد تک بڑھ گئی کہ وکلاء نے اسے شدیدناانصافی اورظلم قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ جج نے گالی گلوچ اور بدسلوکی کی۔
وکلاء نے دہلی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے پاس پورے واقعہ کی باقاعدہ شکایت درج کرائی۔ شکایت کے مطابق، جب وکلاءنے جج کے غیر اخلاقی رویے اور اس کے چہرے پر سختی دیکھی تو بار ایسوسی ایشن کے صدر نے جج کا فوری طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

