این سی نے کانگریس کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو یکسر مسترد کیا
جموں، 18 مئی (ہ س)۔ حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس نے جموں و کشمیر میں اپنی اتحادی جماعت کانگریس پارٹی کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اور سابق وزیر اجے سدھوترا نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ مسلسل تمام اتحادی جماعتوں، خصوصاً کانگریس، کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
اجے سدھوترا نے کانگریس کے بعض رہنماؤں کی جانب سے وزیر اعلیٰ اور حکومت پر عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نیشنل کانفرنس کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے اور تمام معاملات و خدشات باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطہ مضبوط ہے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر یکسو ہو کر کام کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
