
نئی دہلی، 18 مئی (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عام آدمی پارٹی کے رہنما دیپک سنگلا کو 100 کروڑ روپے سے زیادہ کے بینک دھوکہ دہی معاملہ میں گرفتار کیا ہے۔ یہ کارروائی مہیش ٹمبر پرائیویٹ لمیٹڈ سے منسلک مالی گھوٹالے کی تحقیقات کے دوران کی گئی۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا کہ دیپک سنگلا کو اس لیے گرفتار نہیں کیا گیا کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا تھا، بلکہ اس لیے کہ وہ بی جے پی کے خلاف کام کر رہے تھے اور پارٹی میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ کیجریوال نے زور دے کر کہا کہ دیپک بہادر ہیں اور ملک کے لیے لڑ رہے ہیں۔
ای ڈی کی ایک ٹیم نے پیر کی صبح دہلی اور گوا میں سات مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے۔ سنگلا کو ان چھاپوں کے دوران برآمد ہونے والے شواہد کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔ اس کیس کا تعلق پنجاب کے وزیر سنجیو اروڑہ سے بھی بتایا جاتا ہے، جنہیں پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد

