
جموں, 18 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں نوشہرہ سے قلعہ درہال جانے والی سڑک پر ایک ہنڈائی آئی 20 کار اچانک آگ لگنے سے مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی۔ ابتدائی طور پر گاڑی کی بیٹری میں دھماکے کو حادثے کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق کار کو اس کا مالک جسویندر سنگھ سکنہ جبہ نوشہرہ چلا رہا تھا۔ وہ قلعہ درہال سے نوشہرہ کی جانب جا رہا تھا کہ گھرات کے قریب اچانک گاڑی کی بیٹری سے دھواں اور شعلے نکلنے لگے۔ دیکھتے ہی دیکھتے بیٹری میں زور دار دھماکہ ہوا اور پوری گاڑی آگ کی لپیٹ میں آگئی۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی شدید تھی کہ چند ہی لمحوں میں پوری گاڑی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈرائیور بروقت گاڑی سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ادھر گاڑی میں لگی آگ نے نزدیکی جنگلاتی علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث تقریباً ایک ہیکٹر رقبہ متاثر ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کی کوئیک ری ایکشن ٹیم موقع پر پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔حکام نے واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر

