
اوسلو، 18 مئی (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی کو پیر کو ناروے کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز گرینڈ کراس آف دی رائل نارویجن آرڈر آف میرٹ سے نوازا گیا۔ وزیر اعظم مودی کو یہ 32 واں بین الاقوامی اعزاز ملا ہے۔
گرینڈ کراس رائل نارویجن آرڈر آف میرٹ کی اعلیٰ ترین کلاس ہے۔ یہ ناروے کے مفادات اور بین الاقوامی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے غیر معمولی شراکت کے لیے دیا جاتا ہے۔
ناروے کے بادشاہ ہرالڈ پنجم نے یہ اعزاز وزیر اعظم مودی کو ہندوستان-ناروے تعلقات اور عالمی قیادت کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کے لئے دیا ہے۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد، وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہونے پر فخرہے۔ یہ ایوارڈ ہندوستان کے لوگوں کو وقف ہے اور ہندوستان اور ناروے کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔ یہ عالمی ترقی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر کہا کہ یہ دوستی کا خاص تحفہ ہے۔ وزیر اعظم مودی نے اس اعزاز کو ہندوستان اور ناروے کے درمیان تاریخی تعلقات کے لیے وقف کیا اور اسے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار اور خیر سگالی کی علامت قرار دیا۔
اس سے ایک دن پہلے وزیر اعظم مودی کو سویڈن کے باوقار 'رائل آرڈر آف دی پولر اسٹار، ڈگری کمانڈر گرینڈ کراس' سے نوازا گیا تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

