
ممبئی ، 18 مئی (ہ س) عالمی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کے بڑھتے بحران کے درمیان مہاراشٹر حکومت نے وزراء اور سرکاری افسران کے اخراجات میں کمی کے لیے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ اسی سلسلے میں ایندھن کی بچت کے مقصد سے اب کابینہ کی میٹنگ بھی آن لائن منعقد کی جائے گی۔ ممبئی سے باہر موجود وزراء اور سینئر افسران کابینہ اجلاس اور دیگر اہم انتظامی میٹنگوں میں آن لائن طریقے سے شامل ہو سکیں گے۔
ریاستی حکومت کا یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایندھن بچانے، اخراجات کم کرنے، زرمبادلہ محفوظ رکھنے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اپیل کا حصہ مانا جا رہا ہے۔اب تک ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے وزراء کو کابینہ اجلاس یا پالیسی سے متعلق میٹنگوں کے لیے ممبئی پہنچنا پڑتا تھا۔ کئی مرتبہ دوروں، انتخابی حلقوں کے پروگراموں یا مقامی مصروفیات کے باوجود انہیں ممبئی آنا ضروری ہوتا تھا۔تاہم اب وزراء ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے براہِ راست اجلاس میں شامل ہو کر اپنی رائے پیش کر سکیں گے۔
ریاستی حکومت انتظامی نظام میں ڈیجیٹل طریقہ کار کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے غیر ضروری سفر کم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔آن لائن شرکت کی سہولت صرف کابینہ اجلاس تک محدود نہیں رہے گی بلکہ مختلف اعلیٰ سطحی کمیٹیوں، محکمہ جاتی جائزہ میٹنگوں اور ضلعی سطح کی رابطہ میٹنگوں میں بھی دستیاب ہوگی۔حکومت کے مطابق اس اقدام سے وقت، اخراجات اور ایندھن کی نمایاں بچت ممکن ہو سکے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے

