
وکٹ آسان نہیں تھا، اس لیے آخر تک برقرار رہنا ضروری تھا : ایشان کشن
چنئی، 19 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے بلے باز ایشان کشن نے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے خلاف پیر کی رات شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو اہم جیت دلائی۔ چنئی کی دھیمی اور چیلنجنگ پچ پر 47 گیندوں میں 70 رن بنانے والے ایشان نے میچ کے بعد کہا کہ وکٹ آسان نہیں تھا اور ایسے میں ان کی کوشش آخر تک بلے بازی کرنے کی تھی۔
ایشان کشن نے بتایا کہ وکٹ کیپنگ کرتے وقت ہی انہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ 180 رن کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا، ''جب میں وکٹ کیپنگ کر رہا تھا، تبھی مجھے لگا کہ یہ وکٹ بالکل آسان نہیں ہے۔ خاص طور پر جب اسپنر گیند بازی کر رہے تھے اور سلوور گیندیں موثر ہو رہی تھیں۔ مجھے محسوس ہوا کہ اس ہدف کا تعاقب کرنا مشکل رہے گا۔ ایسے میں نمبر-3 بلے باز ہونے کے ناطے میری ذمہ داری تھی کہ میں آخر تک کھیلوں اور میچ ختم کر کے آوں۔''
ایشان تیسرے اوور میں بلے بازی کرنے اترے اور تقریباً آخر تک کریز پر ڈٹے رہے۔ جب حیدرآباد کو جیت کے لیے صرف 6 رن چاہیے تھے، تب وہ آوٹ ہوئے۔ ان کی اس اننگ نے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا، ''یہ صرف خود پر بھروسہ برقرار رکھنے کی بات تھی۔ کئی بار حالات مشکل ہوتے ہیں، لیکن آپ کو خود پر شک نہیں کرنا چاہیے۔ میں بس چیزوں کو سادہ رکھنا چاہتا تھا اور جتنے زیادہ اوور ممکن ہو سکے بلے بازی کرنا چاہتا تھا۔'' ایشان نے مزید کہا کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ہونے کی وجہ سے گیند بازوں کے لیے لگاتار صحیح ایریا میں گیند بازی کرنا آسان نہیں ہوتا۔
ایشان کشن اور ہینرک کلاسن کی شراکت داری نے میچ کا رخ بدل دیا۔ دونوں بلے باز تب ساتھ آئے جب ایس آر ایچ کا اسکور 2/56 تھا اور رن ریٹ 10 رن فی اوور سے اوپر پہنچ چکا تھا۔ ہینرک کلاسن نے بھی میچ کے بعد پچ کو چیلنجنگ بتایا۔ انہوں نے کہا، ''شروعات میں میں نے کچھ گیندیں روکیں، لیکن پھر خود سے کہا کہ میں اس طرح بلے بازی نہیں کر سکتا۔ مجھے جارحانہ کھیلنا ہوگا اور آج وہ حکمتِ عملی کامیاب رہی۔''
کلاسن نے چنئی کی پچ کو لے کر کہا، ''پچ نیچے رہ رہی تھی۔ جب ہم گیند بازی کر رہے تھے تو کٹرز کافی دھیمے ہو رہے تھے اور گیند نیچے رہ رہی تھی۔ بلے بازی آسان نہیں تھی، لیکن یہ چنئی کی بہتر پچوں میں سے ایک تھی۔'' ایشان کشن کی نپی تلی اور ذمہ دارانہ اننگ کے دم پر سن رائزرس حیدرآباد نے دباو سے بھرے مقابلے میں شاندار جیت درج کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

