
رتوراج گائیکواڑ اچھے کپتان ثابت ہوں گے، لیکن بلے بازی میں سدھار کی ضرورت : اسٹیفن فلیمنگ
چنئی، 19 مئی (ہ س)۔ چنئی سپر کنگز کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے ٹیم کے کپتان رتوراج گائیکواڑ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں فرینچائزی کے لیے بہترین کپتان ثابت ہوں گے، حالانکہ اس سیزن میں ان کی بلے بازی امیدوں کے مطابق نہیں رہی ہے۔ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف چنئی سپر کنگز کو پیر کو پانچ وکٹ سے ملی شکست کے بعد فلیمنگ نے کہا کہ رتوراج کو بلے بازی میں اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
فلیمنگ نے میچ کے بعد کہا، ''مجھے لگتا ہے کہ رتوراج اور بہتر کر سکتے ہیں۔ وہ پہلے بھی ایسا کر چکے ہیں۔ وہ ٹاپ آرڈر کے شاندار بلے باز رہے ہیں لیکن اس سیزن میں انہوں نے اپنے کیریئر کے مطابق نہ تو اتنے رن بنائے ہیں اور نہ ہی اسی رفتار سے رن بنائے ہیں۔ یہ ایسی چیز ہے جس پر وہ ضرور کام کریں گے۔''
سن رائزرس حیدرآباد نے پیر کو چنئی میں کھیلے گئے مقابلے میں سی ایس کے کو ایک اوور پہلے ہی پانچ وکٹ سے ہرا دیا۔ پانچ بار کی چیمپئن چنئی سپر کنگز اب لگاتار تیسرے سیزن پلے آف میں پہنچنے سے چوکتی نظر آ رہی ہے۔ رتوراج گائیکواڑ کی بلے بازی، خاص طور پر پاور پلے میں دھیمی شروعات، اس سیزن مسلسل بحث کا موضوع رہی ہے۔ حیدرآباد کے خلاف میچ میں بھی وہ ابتدائی چھ اوور میں 11 گیندوں پر صرف 9 رن ہی بنا سکے۔
فلیمنگ نے گزشتہ سیزن کی چوٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ''کم از کم اس سال وہ پورے وقت ٹیم کے ساتھ تھے۔ گزشتہ سال چوٹ کی وجہ سے وہ دستیاب نہیں تھے، اس لیے اس بنیاد پر ان کا جائزہ لینا مناسب نہیں ہوگا۔ لیکن ہم نے اس ٹیم اور کھلاڑیوں کو سمجھنے کے لیے پردے کے پیچھے کافی کام کیا ہے۔''
انہوں نے مزید کہا، ''ایم ایس دھونی جیسے عظیم کپتان کے طویل عرصے تک فرینچائزی سنبھالنے کے بعد نئے کپتان کے لیے یہ تبدیلی آسان نہیں ہوتی۔ اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔ لیکن رتوراج اچھا کام کر رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے درمیان انہیں کافی احترام ملتا ہے۔ وہ لگاتار سیکھ رہے ہیں اور اسے میدان پر نافذ بھی کر رہے ہیں۔ مجھے کوئی شک نہیں کہ مستقبل میں وہ اس فرینچائزی کے شاندار کپتان بنیں گے۔''
ایم ایس دھونی اس سیزن پہلی بار میچ کے دن میدان پر ٹیم کے ساتھ نظر آئے۔ اگلے سیزن میں دھونی کے مستقبل کو لے کر پوچھے گئے سوال پر فلیمنگ نے کہا، ''نہیں، فی الحال ہم اسی سیزن پر توجہ دے رہے ہیں۔'' سی ایس کے کی لگاتار خراب کارکردگی کے درمیان فلیمنگ نے اپنے مستقبل کو لے کر بھی ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کو کرنا ہے۔
فلیمنگ نے کہا، ''یہ پوری طرح مینجمنٹ کا فیصلہ ہوگا۔ مجھے معلوم ہے کہ اس کو لے کر کافی بحث ہو رہی ہے۔ لیکن ایم ایس اس سال ٹیم کے ساتھ لگاتار مربوط رہے ہیں، جو نوجوان کھلاڑیوں اور ٹیم کی تسلسل کے لیے بیحد اہم رہا ہے۔ بھلے ہی انہوں نے میدان پر زیادہ نہیں کھیلا، لیکن ٹیم پر ان کا اثر بہت بڑا رہا ہے۔''
انہوں نے مزید کہا، ''ہم نے اس سیزن کچھ اچھے کام بھی کیے ہیں۔ ہم نے کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے، جو مستقبل میں سی ایس کے لیے طویل وقت تک کھیلنے والے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ لیکن میں جانتا ہوں کہ ہماری پہچان نتائج سے ہوتی ہے اور یہ بالکل صحیح بھی ہے۔ اس لیے آگے کیا ہوگا، اس کا فیصلہ مینجمنٹ کرے گا، میرا نہیں۔''
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

