
کیتھل، 19 مئی (ہ س)۔ ضلع کے علاقے کلایت میں منگل کی صبح ایک افسوسناک واقعہ سے پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ دو سگی بہنوں نے قدیم کپل مونی مندر کے احاطے میں واقع تالاب میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گھر میں معمولی جھگڑے کے بعد لڑکیوں نے یہ سخت قدم اٹھایا۔ طویل ریسکیو آپریشن کے بعد دونوں کو بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا، لیکن بعد میں ضلع اسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ مرنے والی بہنوں کی شناخت 21 سالہ پلک اور 19 سالہ پرمجیت ساکن ریلوے روڈ سیتا نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
ان کے والد، رویندر کمار، ایک پرائیویٹ ٹیکسی ڈرائیور ہیں اور ان کی والدہ گھریلو خاتون ہیں۔ خاندان چار بیٹیوں اور ایک بیٹے پر مشتمل ہے۔ دو بیٹیوں نے اب خودکشی کر لی ہے۔
بتایاجارہاہے کہ منگل کی صبح گھر میں معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس کے بعد دونوں بہنیں صبح 5 بجے گھر سے نکل کر کپل منی مندر کے تالاب کی طرف چلی گئیں۔ کپل منی مندر کے پجاری سنجے گوتم نے مندر کے احاطے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں پر دونوں لڑکیوں کو تالاب کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا۔ اس کے فوراً بعد اس نے مقامی باشندوں اور انتظامیہ کو آگاہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی راجو کوشک (صدر شری کپل منی تیرتھ کمیٹی)، نوجوان لیڈر راجبیر رہباری اور دیگر لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور تالاب میں بچاو آپریشن شروع کیا۔ تقریباً دو گھنٹے کی سخت کوشش کے بعد دونوں لڑکیوں کو بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا اور فوری طور پر کلایت کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا۔ وہاں سے انہیں کیتھل کے ضلع اسپتال ریفر کیا گیا۔
اطلاع ملنے پر اسٹیشن ہاوس آفیسر (ایس ایچ او) سبھاش چندر کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچی۔ ایس ایچ او نے تصدیق کی کہ اسپتال کے ڈاکٹروں نے دونوں بہنوں کو مردہ قرار دے دیا ہے۔ پولیس فی الحال معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

