
دہرادون، 19 مئی (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر، سابق مرکزی وزیر اور اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی میجر جنرل بھون چندر کھنڈوری کا آج صبح یہاں انتقال ہو گیا۔بان کی عمر 92 سال تھی۔ انہوں نے صبح تقریباً 11 بجکر 15 منٹ پر میکس اسپتال میں آخری سانس لی، انہیں تقریباً 15 دن قبل عمر سے متعلق صحت کے مسائل کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی بیٹی، ریتو کھنڈوری بھوشن، اتراکھنڈ قانون ساز اسمبلی کی اسپیکر ہیں، جب کہ ان کا بیٹا، منیش کھنڈوری، بی جے پی کا کارکن ہے۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے میجر جنرل کھنڈوری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، "سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے مرکزی وزیررہے ،ا تراکھنڈ کے سابق وزیر اعلیٰ، محترم میجر جنرل بھون چندر کھنڈوری (ریٹائرڈ) کے انتقال کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔
ہندوستانی فوج میں خدمات انجام دیتے ہوئے کھنڈوری نے قومی خدمت، نظم و ضبط اور لگن کی ایک مثال قائم کی۔ فوجی زندگی سے لے کر عوامی زندگی تک ان کی شخصیت قومی مفاد اور عوامی خدمت کے لیے وقف رہی۔
صاف ستھرے اور ایماندار شخصیت کے طور پر معروف میجر جنرل کھنڈوری کی موت سے ریاست میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھارتی فوج میں خدمات انجام دینے کے بعد سیاست میں آنے والے میجر جنرل کھنڈوری اپنی صاف ستھری شبیہ، دیانتدار انتظامیہ اور اچھی حکمرانی کے لیے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰکے طور پر دو بار خدمات انجام دیں اور ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
میجر جنرل بھون چندر کھنڈوری نے 1954 سے 1990 تک ہندوستانی فوج کے کور آف انجینئرز میں خدمات انجام دیں۔ انہیں ہندوستانی فوج میں نمایاں خدمات کے لئے 1982 میں صدرجمہوریہ کی طرف سے اتی وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد، وہ سیاست میں داخل ہوئے اور 1991 اور اس کے بعد کے انتخابات میں اتراکھنڈ کے گڑھوال علاقے سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔ انہوں نے مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ کے طور پر خدمات انجام دیں اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر بھی ان کا انتہائی کامیاب دور رہا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

