
دربھنگہ، 19 مئی (ہ س)۔ بہار کے دربھنگہ ضلع کے پتورتھانہ علاقہ کے چندن پٹی گاؤں میں منگل کی صبح ایک خوفناک واقعہ پیش آیا۔ جہاں گھریلو جھگڑے کے بعد ایک نوجوان نے اپنی بیوی اور تین بچوں کا قتل کر دیا۔واردات کو انجام دینے کے بعد ملزم نے خود کو بھی شدید طور سے زخمی کر لیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ایک بچے کو تشویشناک حالت میں زندہ پایا ۔ اسے فوری طور پر دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (ڈی ایم سی ایچ) میں داخل کرایا گیا، لیکن علاج کے دوران اس کی بھی موت ہوگئی۔ اس سے اس واقعے میں مرنے والوں کی کل تعداد چار ہو گئی ہے۔
پولیس نے تمام لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ ملزم کو بھی ڈی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
متوفی کی شناخت پھول کماری داس (30) کے طور پر کی گئی ہے جو مغربی بنگال کے اتردیناج پور ضلع کے دال کھولا علاقے میں کنڈی تھانہ علاقہ کی رہنے والی تھی۔ بچوں کی شناخت اس کے بیٹوں ہردے داس (7)، سندھیا داس (6) اور سون داس (5) کے طور پر کی گئی ہے۔
ملزم سندیپ داس اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ چندن پٹی کے پولٹری فارم میں مزدوری کرتا تھا۔ متوفی بچوں کے ماموں منگو داس نے بتایا کہ جوڑے کے درمیان منگل کی صبح کسی بات پر جھگڑا ہوا جو پرتشدد واقعے کی شکل اختیار کر گیا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد ملزم نے اپنی بیوی اور بچوں پر لاٹھی اور ڈنڈے سے وحشیانہ حملہ کیا جس سے وہ بے ہوش ہوگئے ۔
اہل خانہ کے مطابق بیوی اور دو بچے کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہوگئی جب کہ تیسرے بچے کی ڈی ایم سی ایچ میں دوران علاج موت ہوگئی۔
پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan

