Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
لاتور میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے بزرگ خاتون ہلاک

لاتور میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے بزرگ خاتون ہلاک

لاتور، 19 مئی (ہ س)۔ لاتور ضلع میں دھانوڑا پاٹی کے قریب سڑک کنارے پانی بھر رہی ایک 60 سالہ بزرگ خاتون موٹر سائیکل کی ٹکر سے ہلاک ہو گئیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار اور لاپرواہی سے چلائی جا رہی موٹر سائیکل نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ اس معاملے میں احمدپور پولیس اسٹیشن میں موٹر سائیکل ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

حادثے میں ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت متھرا بائی وشوناتھ شری منگلے (60)، ساکن دھانوڑا خرد، تحصیل احمدپور، ضلع لاتور کے طور پر ہوئی ہے۔ اس معاملے میں ان کے بیٹے سنتوش وشوناتھ شری منگلے (39) نے احمدپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس کے مطابق شکایت کنندہ سنتوش شری منگلے احمدپور میں حجام کی دکان چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں۔وہ اپنی دکان پر موجود تھے کہ اسی دوران ان کے والد وشوناتھ شری منگلے نے فون پر اطلاع دی کہ متھرا بائی دھانوڑا پاٹی کے قریب احمدپور-کورولا روڈ کنارے پانی بھرنے کے لیے رکی ہوئی تھیں۔ اسی دوران کورولا کی جانب سے احمدپور کی طرف آ رہی ایک تیز رفتار موٹر سائیکل نمبر ایم ایچ 22 بی ڈی 2832 نے پیچھے سے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ متھرا بائی کے سر پر سنگین چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر احمدپور کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد انہیں علاج سے پہلے ہی مردہ قرار دے دیا۔ حادثہ کرنے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت ولاس سنبھاجی ہبگنڈے، ساکن رسان گاؤں، تحصیل لوہا، ضلع ناندیڑ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ اس کے پیچھے راجو سنبھاجی تھاورے، ساکن شندگی، تحصیل احمدپور بیٹھا ہوا تھا۔بتایا گیا ہے کہ دونوں افراد شندگی میں رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد احمدپور جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

شکایت کنندہ سنتوش شری منگلے کے بیان کی بنیاد پر احمدپور پولیس نے موٹر سائیکل ڈرائیور ولاس سنبھاجی ہبگنڈے کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کی دفعات 281 اور 106(1) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔اس معاملے کی مزید جانچ پولیس سب انسپکٹر آنند نام دیو راو شری منگلے کر رہے ہیں، جبکہ پولیس انسپکٹر ونود میتروار کی نگرانی میں تفتیش جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu