Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story

نیٹ پیپر لیک معاملے میں ناگپور اور چندرپور میں سی بی آئی کا چھاپہ ، تین طلبہ کے گھروں کی تلاشی، اہم دستاویزات اور الیکٹرانک سامان ضبط

ناگپور، 19 مئی (ہ س) ملک بھر میں سنسنی پھیلانے والے 'نیٹ' پیپر لیک معاملے کی جانچ نے اب تیز ہو گئی ہے۔ منگل کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے ناگپور اور چندرپور اضلاع میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ سی بی آئی کی خصوصی ٹیم نے ناگپور کی دو طالبات اور چندرپور ضلع کے برہمپوری تعلقہ کے ایک طالب علم کے گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی لی۔ اس کارروائی کے دوران اہم دستاویزات، ہاتھ سے لکھی گئی نوٹس اور الیکٹرانک سامان ضبط کیے گئے ہیں۔

'نیٹ' کے حیاتیات اور کیمسٹری مضامین کے سوالیہ پرچے لیک ہونے کے الزام میں سی بی آئی کی نئی دہلی اقتصادی جرائم شاخ نے مقدمہ درج کیا ہے۔ اس سے قبل پیر کے روز لاتور کے 'آر سی سی کلاسز' کے ڈائریکٹر پروفیسر شیوراج موٹے گاؤںکر کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران سی بی آئی کو کچھ مشتبہ طلبہ کے موبائل نمبروں کی معلومات حاصل ہوئی تھیں، جس کے بعد ناگپور میں یہ سرچ آپریشن چلایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقامی پولیس کو پیشگی اطلاع دیے بغیر یہ خفیہ کارروائی انجام دی گئی۔ ضبط کی گئی نوٹس اور لیک شدہ سوالیہ پرچوں میں مماثلت ہے یا نہیں، اس کی جانچ اب فورنسک سطح پر کی جائے گی۔

سی بی آئی کے ابتدائی اندازے کے مطابق ملک بھر میں کم از کم ایک ہزار طلبہ نے لیک شدہ پرچے خریدے ہو سکتے ہیں۔ ناگپور اور چندرپور کے طلبہ نے یہ پرچے خریدے تھے یا انہیں دوسروں تک پہنچایا تھا، اس زاویے سے بھی جانچ جاری ہے۔ کارروائی کے دوران متعلقہ طلبہ کے امتحانی فارم، ہال ٹکٹ، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور والدین کے بینک کھاتوں کی معلومات کی بھی جانچ کی گئی۔سی بی آئی یہ بھی کھوج لگا رہی ہے کہ کیا ان طلبہ کا تعلق پیپر لیک، نمبروں میں خرد برد یا مالی لین دین کے ذریعے داخلہ دلانے والے بین الریاستی ریکیٹ سے ہے۔اس کے علاوہ ودربھ کے بعض کوچنگ کلاسز کے ایجنٹ یا دلال اس غیر قانونی سرگرمی میں سرگرم تھے یا نہیں، اس کی بھی جانچ جاری ہے۔

دریں اثنا، سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ فی الحال پیپر لیک کا مرکزی مرکز ناگپور نہیں ہے۔ملک بھر میں پہلے ہی 'نیٹ' امتحان گھوٹالے کے سبب طلبہ اور والدین میں بے چینی پائی جا رہی ہے، جبکہ ودربھ میں کی گئی اس کارروائی کے بعد معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ سی بی آئی نے آئندہ دنوں میں مزید مقامات پر چھاپہ کارروائی کے امکان کو بھی خارج نہیں کیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu