Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
راج ناتھ سنگھ نے ویتنام کے دورے کے پہلے دن دو طرفہ بات چیت کے دوران دفاعی شراکت داری پر زور دیا

راج ناتھ سنگھ نے ویتنام کے دورے کے پہلے دن دو طرفہ بات چیت کے دوران دفاعی شراکت داری پر زور دیا

ہنوئی 19 مئی ( ہ س) ۔ بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ویتنام کے دورے کے پہلے دن ہنوئی میں جنرل فان وان جیانگ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہند-بحرالکاہل خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور سمندری راستوں کی آزادی برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے دفاع نے ویتنام کے ایئر فورس آفیسرز کالج میں "لینگویج لیب" کا ورچوئل افتتاح بھی کیا۔ یہ لیب بھارت کی مدد سے قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت اور ویتنام نے مصنوعی ذہانت اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک معاہدہ بھی کیا۔

راج ناتھ سنگھ نے اعلان کیا کہ ویتنام کے شہر نھا ٹرانگ میں واقع ٹیلی کمیونیکیشن یونیورسٹی میں ایک "مصنوعی ذہانت لیب" قائم کی جائے گی۔ بھارت کے ملٹری کالج آف ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ اور ویتنام کی ٹیلی کمیونیکیشن یونیورسٹی کے درمیان مصنوعی ذہانت اور کوانٹم ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کا معاہدہ بھی طے پایا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے فوجی تربیت، دفاعی صنعت، سمندری سلامتی، سائبر سکیورٹی، صلاحیت سازی، اقوامِ متحدہ کے امن مشنز اور اعلیٰ سطحی تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ مشترکہ فوجی مشقوں اور باقاعدہ مذاکرات کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت ویتنام کے دفاعی جدیدکاری پروگرام اور اس کی دفاعی صلاحیت بڑھانے میں مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ دوسری جانب جنرل فان وان جیانگ نے بھارت کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی پرانی دوستی اور بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کو اہم قرار دیا۔

بعد ازاں بھارتی وزیرِ دفاع نے ویتنام کے صدر ٹو لام سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، سمندری تعاون، ڈیجیٹل تبدیلی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور ویتنام کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آنے والے برسوں میں یہ شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu