جلگاؤں، 19 مئی (ہ س) موسمیات کے ماہر نلیش گورے نے بتیا ہے کہ ، شمالی مہاراشٹر کے جلگاؤں، دھولیہ اور نندوربار اضلاع میں گزشتہ دو دنوں سے آسمان پر بادل چھائے رہنے کے سبب بارش کے امکانات پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ کئی مقامات پر موسم میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے، تاہم فی الحال ان علاقوں میں بڑے پیمانے یا مسلسل بارش کے امکانات کم ہیں۔ بحیرۂ عرب میں بڑھتی ہوئی نمی اور جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے باعث ممبئی، کوکن اور کیرالہ ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر بادل بن رہے ہیں۔
اسی موسمی تبدیلی کا اثر شمالی مہاراشٹر میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے، جس کے سبب جلگاؤں، دھولیہ اور نندوربار اضلاع میں آسمان ابر آلود رہنے کی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ تاہم واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ موسمی نظام بنیادی طور پر ساحلی علاقوں تک محدود اور فعال ہے، اس لیے شمالی مہاراشٹر میں مسلسل یا موسلادھار بارش کی صورتحال بننے کے امکانات کم ہیں۔ ماہرین کے مطابق بعض مقامات پر دوپہر کے بعد ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ چھینٹے پڑنے کے امکانات کو خارج نہیں کیا جا سکتا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے
