
نئی دہلی، 19 مئی (ہ س)۔امریکی محکمہ خارجہ نے ہندوستان کو اپاچی ہیلی کاپٹر، سپورٹ سروسز اور متعلقہ آلات کی ممکنہ غیر ملکی فوجی فروخت (ایف ایم ایس) کی منظوری دے دی ہے جس کی تخمینہ لاگت 198.2 ملین امریکی ڈالر ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے سیاسی-فوجی امور کے بیورو کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، ہندوستانی حکومت نے امریکی حکومت اور ٹھیکیداروں سے اے ایچ - 64 ای اپاچے ہیلی کاپٹروں کے دیکھ بھال اور آپریشنل سپورٹ سروسز، انجینئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹکس سپورٹ سروسز، تکنیکی ڈیٹا اور پبلیکیشنز، عملے کی تربیت اور دیگر لاجسٹک سروسز سے متعلقہ خدمات کے لیے اے ایچ - 64 ای اپاچی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کی درخواست کی ہے۔
امریکہ نے کہا کہ مجوزہ فروخت سے امریکہ اور بھارت کے ا سٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور ایک بڑے دفاعی پارٹنر کی سکیورٹی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہند بحر الکاہل اور جنوبی ایشیا کے خطے میں سیاسی استحکام، امن اور اقتصادی ترقی کے لیے ہندوستان ایک اہم طاقت ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، مجوزہ ڈیل بھارت کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے، اپنی ملکی سلامتی کو بڑھانے اور علاقائی خطرات کے خلاف اس کی ڈیٹرنس میں اضافہ کرنے کی صلاحیت کو مضبوط کرے گی۔ ہندوستان کو ان آلات اور خدمات کو اپنی فوج میں ضم کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان آلات اور امداد کی مجوزہ فروخت سے خطے میں موجودہ فوجی توازن متاثر نہیں ہوگا۔
اس لین دین کے بنیادی ٹھیکیدار بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن ہوں گے۔ بوئنگ کا ہیڈ کوارٹر ارلنگٹن، ورجینیا میں ہے اور لاک ہیڈ مارٹن کا صدر دفتر آرلینڈو، فلوریڈا میں ہے۔ اس مجوزہ فروخت سے امریکی دفاعی تیاریوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

