
حیدرآباد ، 19 مئی (ہ س) ۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے اضلاع نلگنڈہ، رنگاریڈی، وقارآباد، سنگاریڈی، مید ک، کاماریڈی، محبوب نگراور ناگرکورنول میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیزہوائیں چلنے کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے منگل کواپنے روزمرہ کے بیان میں کہا کہ بدھ کےدن بھی نلگنڈہ، رنگاریڈی، وقارآباد، سنگاریڈی، محبوب نگر، ناگرکرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور جوگولامبا گدوال اضلاع میں ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ نے یہ بھی اندازہ لگایا ہے کہ اگلے تین دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بتدریج ایک سے دو ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ریاست میں 21 سے 25 مئی تک موسم خشک رہنے اور اگلے تین دنوں کے دوران تلنگانہ کے کچھ علاقوں میں لُو چلنے کے بھی امکانات ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں ایک یا دو مقامات پر بارش ہوئی۔ اسی مدت کے دوران عادل آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 44.5 ڈگری درج کیا گیا۔ ۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

