Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
لوگوں کے مسائل کا فوری حل ہو اور انہیں انصاف ملے یہی 'سہیوگ کیمپ' کا بنیادی مقصد : وزیر اعلیٰ

لوگوں کے مسائل کا فوری حل ہو اور انہیں انصاف ملے یہی 'سہیوگ کیمپ' کا بنیادی مقصد : وزیر اعلیٰ

پٹنہ، 19 مئی(ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج سارن ضلع کے سونپور بلاک واقع ڈمری بزرگ پنچایت میں 'سب کا سمان جیون آسان' کے تحت عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے منعقد کیے گئے ''سہیوگ کیمپ''کا شمع روشن کر کے باقاعدہ افتتاح کیا ۔سات نشچے منصوبہ 3 کے جز 'سب کا سمان زندگی آسان' کے عہد کو عملی جامہ پہنانے اور عوامی مسائل کو تیزی سے اور مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے، ہر مہینے کے پہلے اور تیسرے منگل کو بہار کے تمام اضلاع میں ''سہیوگ کیمپ'' کا انعقاد کیا جائے گا۔ ڈی ایم مسٹر ویبھو سریواستو نے وزیر اعلیٰ کو گلدستہ اور مومنٹو پیش کرکے ان کا خیر مقدم کیا۔

پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج سے پوری ریاست میں''سہیوگ کیمپ'' پروگرام کی شروعات ہو رہی ہے ۔ اس مقصد کے لیے ہم نے 11 مئی کو سہیوگ پورٹل اور ہیلپ لائن نمبر 1100 جاری کیا تھا، جس کے ذریعے لوگ براہ راست اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔ اس ''سہیوگ کیمپ'' کا مقصد ہر حال میں مقررہ وقت کے اندر عوام کے مسائل کا حل نکالنا ہے، چاہے وہ دیہی علاقہ کے لوگوں کے مسائل ہوں یا شہر میں رہنے والے لوگوں کے مسائل ہوں۔ یہ پروگرام لوگوں کے مسائل کے فوری اور موثر حل کا ذریعہ ہے۔ حکومت آپ کا ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔ بہار خوشحال اور ہندوستان ترقی یافتہ ہو ،اس کے لیے مسلسل کام کیے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں، جب کہ سابق وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار بہار کو خوشحال بنانا چاہتے ہیں ، اس کا راستہ ''سہیوگ کیمپ'' کے ذریعہ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ''سہیوگ کیمپ'' میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا 30 دنوں کے اندر ہر حال میں نپٹارہ کیا جائے گا۔ درخواست موصول ہونے کے 10 دن بعد متعلقہ افسر کو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے پہلا نوٹس جاری کیا جائے گا۔ درخواست کی وصولی کے 20 ویں دن دوسران نوٹس اور 25 ویں دن تیسرا نوٹس جاری کیا جائے گا تاکہ موصول ہونے والی درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر کارروائی کی جاسکے۔ درخواست موصول ہو نے کے 30ویں دن ہر حال میں درخواست کے حل سے متعلق حکم جاری کرنا ہے ۔ اس کام میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر 30 ویں دن حکم جاری نہیں ہو تا ہے تو 31ویں دن متعلقہ محکمہ کے افسر خود بخود معطل ہو جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر منصوبے بناتی ہے اور پالیسیاں متعین کرتی ہے۔ عوام کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ یہ ''سہیوگ کیمپ'' پروگرام پورے بہار میں ہر مہینے کے پہلے اور تیسرے منگل کو پنچایت سطح پر منعقد کیا جائے گا تاکہ لوگوں کے خواب پورے ہوںان کے خواب بکھرے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ زون، بلاک یا تھانہ کی سطح پر جو عوامی مسائل ہیں ان کاحل 30 دنوں کے اندرہو گا۔''سہیوگ کیمپ'' پروگرام کے ذریعے حکومت آپ کے درمیان رہ کر مسائل کو حل کرے گی۔آپ لوگوں کے تعاون اورعوامی حمایت سے ہی حکومت بنتی ہیں۔ تمام وزراء اور عوامی نمائندے کم از کم تین ''سہیوگ کیمپ'' میں پہنچ کر لوگوں کے مسائل کے حل میں اپنا تعاون دیں ، تاکہ مسائل کا فوری حل ہوسکے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے اس پروگرام میں شامل ہو کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ مجھے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ اب تک ''سہیوگ شیویر'' کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں کا ضلع انتظامیہ کے ذریعہ سو فیصد حل کیا جا چکا ہے۔ کسی بھی نوعیت کے عوامی مسائل ہوں انہیں ہر حال میں حل کرنا ہے ۔ اگر کوئی عدالیت سے متعلق معاملہ ہے تو تمام حکام مکمل تعاون کریں گے تاکہ لوگوں کو راحت ملے۔ رکاوٹیں کھڑی کرنے اور گمراہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ مسائل کا سامنا کرنے والوں کو انصاف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سونپور کے لوگوں کی حمایت سے ہی مسٹر ونے کمار سنگھ جی رکن اسمبلی بنے۔ میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اب تو یہاںایئر پورٹ اور بابا ہری ہرناتھ کے نام سے ایک نیا ٹائون شب بننے جارہا ہے۔ اگر ٹاؤن شپ کے علاقے میں ایسے کسی شخص کی زمین ایکوائر ہو تی ہے اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہے یا ان کے گھر میں بیٹی کی شادی ہو تو انہیں معاوضے کے طور پر چار گنا رقم دی جائے گی۔ اس کے لیے ڈی ایم کو درخواست دینی ہو گی۔ کسی کو پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سون پور میں نیا پل تعمیر کیا جارہا ہے، مہاتما گاندھی سیتو اورجے پی سیتو کے متوازی نئے پلوں کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ان کے مکمل ہو نے سے لوگوں کو بہت سہولت ہو گی ۔ہم لوگ کچی درگاہ سے راگھوپور پل کو بھی چالو کر نے جارہے ہیں ۔ پٹنہ میں تعمیر جے پی گنگا پتھ کے طرز پر سونپور میں گنگا-امبیکا پتھ کی تعمیر ہماری حکومت کرے گی۔ اس علاقے کو نوئیڈا کی طرح ڈیولپ کا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور سابق وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار جی کے ترقیاتی کاموں سے گاؤں -گائوں تک بجلی، سڑکیں اور پینے کے پانی سمیت تمام بنیادی سہولتیں پہنچی ہیں۔ اس کو مزید آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔ بہار میں بڑی تعداد میں کارخانے اور صنعتیں قائم کرنے کی سمت میں تیزی سے کام کیا جارہا ہے، تاکہ یہاں زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا ہوں۔ بہار میں جیویکا سیلف ہیلپ گروپ کے ذریعے خواتین بہت آگے بڑھ رہی ہیں۔ پہلے جو ہماری بہنیں5ہزار روپے بھی نہیں کما سکتی تھیں، اب جیویکا سیلف ہیلپ گرو پ سے منسلک ہو کر خواتین 1لاکھ 20ہزار کروڑ روپے تک کے کاروبار چلا رہی ہیں۔ ہماری حکومت خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے ہر سطح پر کام کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کے تمام بلاکوں میں ڈگری کالج کھولنے کی سمت میں تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔ ویسے 211 بلاک جہاں ڈگری کالج نہیں ہیں،وہاں اس سال کے جولائی ماہ سے ڈگری کالج میں تعلیم کی شروعات ہو جائے گی ۔ ہر بلاک میں ایک ماڈل اسکول کی شکل میں سرسوتی ودیا نکیتن کے ذریعہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرانے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ سرسوتی ودیا نکیتن میں ایسی تعلیمی سہولیات پیدا کی جائیں گی کہ وزرا اور افسران بچے بھی اس میں تعلیم حاصل کر نے کے لیے بے تاب ہوں گے۔ بہار کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمارجی نے بچوں کو اسکولوں تک پہنچایا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب ڈویژن اور ضلع سطح پر عام مریضوں کو ریفر کرنے کا پہلے سے جو رواج چل رہا ہے اسے ہر حال میں 15 اگست تک ختم کر نا ہے۔ اگر عام مریض کو سب ڈویژن یا ڈسٹرکٹ ہسپتال سے ریفر کیاجاتا ہے تو سول سرجن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ عوام کے لیے بہتر صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے انفراسٹرکچر قائم کیا جا رہا ہے۔ صرف سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بہتر علاج کے لیے بڑے اسپتالوں میں ریفر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ''سہیوگ شیویر'' کا بنیادی مقصد لوگوں کے لیے انصاف اور راحت کو یقینی بنانا ہے۔ میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ ''سہیوگ کیمپ'' کے ذریعے جو بھی درخواستیں موصول ہوں گی ان کا 30دنوں کے اندر ہر حال میں نکل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے ''سہیوگ کیمپ'' کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں کا ضلع انتظامیہ کے ذریعہ کرائے گئے سو فیصد حل کے تحت مستفیدوں کو باسگیت پرچہ ، راشن کارڈ ، پیدائش سرٹیفکیٹ اور وزیر اعلیٰ ضعیفی پنشن منصوبہ اور سوچھ بھارت مشن دیہی کے مستفیدوں کو حوصلہ افزا رقم کی شکل میں علامتی چیک دیا۔

مقامی عوامی نمائندوں، لیڈروں اور ضلعی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کا پھولوں کا گلدستہ ، شال اور پھولوں کا بڑ ہار پہنا کران کا استقبال کیا۔

''سہیوگ کیمپ'' پر موصول ہونے والی درخواستوں کے علاوہ این آئی سی کے ذریعہ بنائے گئے sahyog.bihar.nic.in پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کا بھی نپٹارا 30 دنوں کے اندر کر نا ہے، بصورت دیگر پورٹل پر متعلقہ اہلکار کو خود بخودوجہ بتائو نوٹس چلاجائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu