
درختوں کو کاٹنے اور ماحولیاتی تحفظ معاملہ میں حکومت کو شدید دھکہحیدرآباد ، 19 مئی (ہ س) ۔
سپریم کورٹ میں حکومت تلنگانہ کودرختوں کو کاٹنے اور ماحولیاتی تحفظ کے معاملہ میں شدید دھکہ لگا ہے۔ کے بی آرپارک کے اطراف موجود درختوں کوکاٹنے ہوئے سڑک کی توسیع اورفلائی اوورکی تعمیر کے معاملہ میں جاری احتجاج کے دوران سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے کے بی آر پارک کے اطراف درختوں کو کاٹنے پرحکم التواء جاری کردیا ۔ جسٹس ناگارتنا اور جسٹس اجل بھویان پرمشتمل بنچ نے سینیئر کونسل کے ویویک ریڈی اور متھن ششانک کی بحث کوسننے کے بعد جاری کئے گئے احکامات میں کہا کہ کے بی آر پارک کے اطراف 25 تا 35 میٹر کے دائرہ کوماحولیاتی تحفظ کے لئے محفوظ علاقہ قرار دیا ہے اوراس دائرہ میں موجود درختوں کو کاٹنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔جوبلی ہلز پر(ایس آر ڈی پی)کے تحت جاری سڑک کی توسیع کے علاوہ فلائی اوور کی تعمیرکے سلسلہ میں جاری اقدامات کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے کے بی آر پارک کے اطراف موجود درختوں کو کاٹنے اورانہیں منتقل کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا تھا۔ اس پروجیکٹ کے خلاف ماحولیات کے تحفظ کے سلسلہ میں جدوجہد کرنے والی تنظیموں اور کارکنوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کرتے ہوئے پارک کے اطراف موجود درختوں کے تحفظ کے علاوہ پارک کو نقصان پہنچانے کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا۔اس سلسلہ میں احتجاجی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے تھے۔ ماحولیات کے تحفظ کےلئے جدوجہد کرنے والے جہدکاروں اور تنظیموں کے کارکنوں نے گذشتہ شب بھی کے بی آر پارک کے قریب میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کودہلی بننے سے روکنے کے لئے درختوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا اورعوامی شعور بیداری مہم چلائی تھی ۔ سپریم کورٹ میں داخل کی گئی درخواست میں ماحولیات کے تحفظ کے علاوہ اس قومی پارک کو جہاں درختوں کے علاوہ نادر چرند اورپرند موجود ہیں اس کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے پارک کے تحفظ کو یقینی بنانے کی درخواست کی گئی تھی ۔ ماحولیات کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے جہدکاروں کا کہناہے کہ شہری ترقی کے نام پر شہری علاقوں میں موجودجنگلاتی علاقوں کی تباہی شہر میں ماحولیاتی اورفضائی آلودگی کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے ترقی کے نام پر درختوں اور جنگلوں کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق

