
ڈیگ، 20 مئی (ہ س)۔ راجستھان کے ڈیگ ضلع کے کاماں علاقے میں منگل کی شام ایل پی جی سلنڈر دھماکے کے بعد لگنے والی زبردست آگ میں ایک ہی خاندان کے سات افراد جھلس گئے۔ حادثے میں دو بچے جاں بحق ہوگئے ، جو بہن -بھائی تھے۔ دو کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ واقعہ شام 5 بجے کے قریب ڈیگ روڈ پر بس اسٹینڈ کے سامنے کولڈ ڈرنک کے گودام میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو بھرت پور کے آر بی ایم اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ایک بچی کی موت ہوگئی۔ زخمیوں میں سے چھ کو بعد میں جے پور ریفر کر دیا گیا، لیکن ایک اور بچہ ایس ایم ایس اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔
کاماں کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دنیش یادو نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ایکو گاڑیوں کی گیس کٹس میں کھانا پکانے کے گیس سلنڈر سے گیس بھری جا رہی تھی۔ دونوں ایکو گاڑیاں گیس کٹس سے چلتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ منموہن گاو ¿ں میں کولڈ ڈرنک کی ایجنسی چلاتا ہے اور ان گاڑیوں کو سپلائی کے لیے استعمال کرتا ہے ۔ اس کا چچازار بھائی بھگوان سنگھ کریانہ کی دکان چلاتا ہے ۔ دونوں خاندان گودام کے اوپر ایک مکان میں رہتے ہیں ۔
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت منموہن گاڑیوں میں گیس بھر رہا تھا۔ ایک سلنڈر اچانک پھٹ گیا جس سے آگ لگ گئی۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ آگ کے شعلے اوپر والے گھر تک پہنچ گئے۔ اس وقت دونوں خاندانوں کے افراد اندر موجود تھے۔ رشتہ دار چھتر سنگھ نے بتایا کہ سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ نے پورے گھر کو اپنی زد میں لے لیا، جس سے کنبہ کے افراد بری طرح جھلس گئے۔
دھماکے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ فائر بریگیڈ نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف ایس ایل ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ کولڈ ڈرنک ایجنسی کے مالک منموہن ولد داتارام ، اس کی بیوی سریتا (25)، بھگوان سنگھ (37) ولد لکشمی چند، اس کی بیوی نیرج، بیٹا لکشیہ (8)، بیٹی ساکشی (15) اور اکشرا (11) حادثے میں جھلس گئے۔
ڈاکٹر راگھویندر نے بتایا کہ اکشرا تقریباً 50 فیصد جھلس گئی تھی اور اس کے دونوں بازو، ٹانگیں اور چہرے کو آگ سے شدید نقصان پہنچا تھا۔ آر بی ایم اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ زخمیوں میں سے ایک لکشیہ جسے جے پور ریفر کیا گیا تھا، راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ایس ایم ایس اسپتال کے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق دو دیگر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

