
جموں, 20 مئی (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے پنچاری اور مگری جیسے دور افتادہ پہاڑی علاقوں کی لڑکیوں نے سری لنکا میں منعقدہ انٹرنیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ پہلی بار بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لینے والی ان لڑکیوں نے 3 گولڈ اور 6 سلور میڈل اپنے نام کیے۔یہ لڑکیاں پہلی مرتبہ ہوائی جہاز میں سفر کرکے سری لنکا پہنچیں، جہاں 10 ممالک کے کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ مقابلوں میں جموں و کشمیر سے گئی تمام لڑکیوں نے میڈل حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کے لیے یہ کسی خواب سے کم نہیں۔ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ وہ اپنے چھوٹے سے پہاڑی گاؤں سے نکل کر بین الاقوامی سطح پر اپنے گاؤں، ضلع اور ملک کا نام روشن کریں گی۔مقامی لوگوں نے لڑکیوں کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دیگر بچیوں کے لیے بھی ایک مثال بنے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر

