جموں, 23 مئی (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے محکمہ خزانہ نے ایس این اے اسپارش بلوں کی بروقت پراسیسنگ اور ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ نے سائبر ٹریژری نظام کے تحت بلوں کی کارروائی کیلئے سخت ٹائم لائن مقرر کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اکاؤنٹس اینڈ ٹریژریز کی جانب سے جاری سرکولر کے مطابق تمام ٹریژریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ موصول ہونے والے ایس این اے اسپارش بلوں کی جانچ، پراسیسنگ اور انہیں سائبر ٹریژری کو دو دنوں کے اندر بھیجنا لازمی ہوگا۔
سرکولر میں مزید کہا گیا ہے کہ سائبر ٹریژری ان بلوں کو ایک ورکنگ دن کے اندر پراسیس کرکے ادائیگی کیلئے پی ایف ایم ایس / آر بی آئی ای-کیوبر کو روانہ کرے گی۔محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں بلوں کی کارروائی اور ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اور اس سلسلے میں لاپرواہی برتنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکم نامے میں صوبائی ڈائریکٹروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس عمل کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی زیر التوا صورتحال سے بچا جا سکے اور ایس این اے اسپارش ادائیگی نظام کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
