ممبئی میونسپل کارپوریشن کے فائر سیفٹی منظوری فارم میں تبدیلی
ممبئی ، 23 مئی (ہ س)۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن نے فائر سیفٹی منظوری کے لیے استعمال ہونے والے درخواست فارموں میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ نئی تعمیرات، اضافی تعمیرات، مرمتی کام، حتمی فائر سیفٹی منظوری اور عارضی تعمیرات سے متعلق منظوری کے لیے نئے اور ترمیم شدہ فارم تیار کیے گئے ہیں۔ اضافی میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی کے مطابق یہ تبدیلیاں اس مقصد سے کی گئی ہیں تاکہ یہ بات واضح ہو سکے کہ ''عارضی فائر سیفٹی منظوری'' دراصل ''مہاراشٹر فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی میژرس ایکٹ 2006'' کے تحت عمارت کے نقشے کی منظوری کے مرحلے میں دی جانے والی ایک سفارش ہے، نہ کہ ''فائر سیفٹی سرٹیفکیٹ''۔ انہوں نے کہا کہ ''پروویژنل فائر سیفٹی اپروول'' صرف ایک سفارش ہوتی ہے، جو کسی عمارت کے ڈیزائن کی منظوری کے وقت اور اصل تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل جاری کی جاتی ہے۔
یہ سفارش اس بات کی بنیاد پر دی جاتی ہے کہ متعلقہ تعمیرات میں قانون اور اس کے تحت مقرر کردہ فائر پریوینشن اور لائف سیفٹی اقدامات پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ ممبئی منپا کے مطابق ترمیم شدہ فارموں میں نئے تعمیراتی منصوبوں، اضافی یا تبدیلی شدہ تعمیرات، مرمت اور عارضی تعمیرات کے لیے عارضی فائر سیفٹی منظوری سے متعلق مختلف دفعات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد فائر سیفٹی منظوری کے عمل کو مزید شفاف اور واضح بنانا ہے تاکہ تعمیراتی منصوبوں کے دوران حفاظتی اصولوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے
