
کیف، 24 مئی (ہ س)۔ یوکرین کے حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی فوج نے ہفتے کی رات مشرقی یوکرین کے شہر بالاکلیا پر دوسری بار حملہ کیا۔ ڈرون سے کیے گئے اس حملے میں ایونجیلیکل چرچ (لائٹ آف دی گوسپل چرچ) کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے چرچ میں آگ لگ گئی۔ حملے کے بعد آگ کے شعلے تقریباً 1,300 مربع میٹر کے علاقے میں پھیل گئے۔ حملے میں چرچ کے علاوہ ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ اور کچھ مکانات کو نقصان پہنچا۔
کیف پوسٹ اخبار کے مطابق، حکام نے بتایا کہ حملے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بالاکلیا یوکرین کے شمال مشرقی خارکیف خطے میں واقع ہے۔ یہ علاقائی دارالحکومت خارکیف کے جنوب مشرق میں اور ان علاقوں کے پاس ہے جہاں حملے کے آغاز کے بعد سے کئی بار روسی حملے ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے ہفتے کی صبح تقریباً 11.35 بجے روسی فوج نے بالاکلیا کے وسطی حصے پر بھی حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں تین لوگ زخمی ہو گئے۔ کیف پوسٹ کا دعویٰ ہے کہ اس جنگ میں روس نے پورے یوکرین میں شہری بنیادی ڈھانچے، رہائشی علاقوں اور مذہبی عمارتوں کو بار بار نشانہ بنایا ہے۔ حالانکہ ماسکو جان بوجھ کر شہریوں پر حملہ کرنے سے انکار کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

