Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story

پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین اور معذور افراد کی نشستیں مختص رکھنے کے لئے سخت ہدایات جاری

جموں, 24 مئی (ہ س)جموں و کشمیر محکمہ ٹرانسپورٹ نے یونین ٹیریٹری بھر میں چلنے والی تمام پبلک سروس گاڑیوں میں خواتین اور خصوصی افراد کیلئے نشستیں لازمی طور پر مختص کرنے کے سخت احکامات جاری کیے ہیں۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹ آپریٹروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پرمٹ کی معطلی یا منسوخی بھی شامل ہے۔ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر سے جاری سرکولر کے مطابق یہ مشاہدہ کیا گیا کہ خواتین اور معذور افراد کیلئے نشستیں محفوظ رکھنے سے متعلق سابقہ ہدایات پر صحیح طریقے سے عمل درآمد نہیں ہو رہا تھا، جس کی وجہ سے متعلقہ مسافروں کو مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔سرکولر میں کہا گیا ہے کہ بڑی بسوں میں نشست نمبر 1 سے 12 جبکہ درمیانی اور منی بسوں میں نشست نمبر 1 سے 9 تک خواتین اور خصوصی افراد کیلئے مخصوص رہیں گی۔ محکمہ نے ان نشستوں کی ریزرویشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے اسے گاڑیوں کے پرمٹ کی شرائط کا حصہ بنایا ہے۔

ہدایت کے مطابق تمام مخصوص نشستوں پر واضح انداز میں سفید رنگ سے خواتین ،معذور افراد تحریر کرنا لازمی ہوگا تاکہ مسافروں کو ہر وقت یہ نشستیں باآسانی نظر آئیں۔محکمہ نے کہا کہ نشستوں کی درست نشاندہی اور ضابطوں پر عمل درآمد کی ذمہ داری گاڑی مالکان اور آپریٹروں پر عائد ہوگی۔سرکولر میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اگر کسی وقت خواتین یا خصوصی افراد موجود نہ ہوں تو دیگر مسافر عارضی طور پر ان نشستوں پر بیٹھ سکتے ہیں، تاہم متعلقہ مسافر کے گاڑی میں سوار ہوتے ہی انہیں فوراً نشست خالی کرنا ہوگی۔ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی استثنا کے ان ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ اور ٹریفک پولیس سمیت تمام انفورسمنٹ ایجنسیوں کو ہدایت دی ہے کہ بس اڈوں، ٹرانزٹ پوائنٹس اور معمول کی چیکنگ کے دوران خصوصی معائنہ مہمات چلائی جائیں تاکہ ہدایات پر سختی سے عمل یقینی بنایا جا سکے۔سرکولر میں خبردار کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کی دفعہ 192اے کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانہ، پرمٹ کی معطلی اور بار بار خلاف ورزی کی صورت میں پرمٹ منسوخ کرنا بھی شامل ہے۔ریجنل ٹرانسپورٹ افسران اور اسسٹنٹ علاقائی ٹرانسپورٹ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کے معائنے، فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا و تجدید اور پرمٹ کارروائی کے دوران ان ہدایات پر عمل درآمد کی جانچ کریں۔دریں اثنا ٹرانسپورٹ کمشنر وشیش پال مہاجن نے عوام اور ٹرانسپورٹ آپریٹروں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین اور خصوصی افراد کے وقار، تحفظ اور سہولت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے خواتین اور خصوصی افراد کو نہ صرف نشست فراہم کرنی چاہیے بلکہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں محفوظ اور خوش آمدید محسوس کرانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu