
جموں, 24 مئی (ہ س)خطہ پیر پنچال کے گھمبیر مغلاں جنگلات میں اتوار کو سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان رابطہ قائم ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر انسدادِ دہشت گردی آپریشن مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔یہ کارروائی مسلسل دوسرے روز بھی جاری ہے، جسے بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف نے مشترکہ طور پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر شروع کیا تھا۔وائٹ نائٹ کور کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز ابتدائی تلاشی مہم شروع کی تھی، جس کے بعد اتوار کی صبح مشتبہ دہشت گردوں کا سراغ لگایا گیا۔وائٹ نائٹ کور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آج صبح گھمبیر مغلاں، راجوری کے عمومی علاقے میں جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے رابطہ قائم ہوا۔حکام کے مطابق دو سے تین مشتبہ دہشت گرد گھنے جنگلاتی علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے فرار کے تمام ممکنہ راستے بند کرنے کیلئے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے جبکہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سیکورٹی گرڈ مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔پیر پنچال کے گھمبیر مغلاں جنگلات گھنے درختوں اور مشکل پہاڑی راستوں کیلئے مشہور ہیں، جس کے باعث یہاں دہشت گرد مخالف کارروائیاں سیکورٹی فورسز کیلئے انتہائی چیلنجنگ سمجھی جاتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر

