
نئی دہلی، 24 مئی (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سکم کے یوم ریاست کے موقع پر مرکزی وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا کا لکھا ہوا ایک مضمون شیئر کیا، جس میں ریاست کے ثقافتی ورثے، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے ماڈل کی تعریف کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مضمون میں کنچن جنگا کو سکم کی سرزمین، یاد داشت اور شعور کے محافظ کے طور پر بیان کیا گیا ہے، جو ریاست کے وکست سکم 2047 کے وژن کی رہنمائی کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ سکم ریاست کے 51 ویں سال میں داخل ہو رہا ہے۔ اس موقع پر جیوترادتیہ سندھیا نے ریاست کی شناخت، روایت اور ترقی کے سفر کو کنچن جنگا کے پانچ وراثت کے ذریعے موثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچ وراثت وکست سکم 2047 کی طرف ریاست کی پیشرفت کو اجاگر کرتے ہیں۔
ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں، جیوترادتیہ سندھیا نے سکم کو سماجی ہم آہنگی، ماحولیاتی تحفظ، ثقافتی ورثے اور پائیدار ترقی کی ایک مثال قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ ریاست کی ترقی صرف بنیادی ڈھانچے تک محدود نہیں ہے، بلکہ عوامی اعتماد، فطرت کے تحفظ اور ثقافتی اقدار پرمشتمل ہے۔
اپنے مضمون میں، سندھیا نے کنچن جنگا کو سکم کی روح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمالیہ کی گود میں بسا یہ پہاڑ صرف ایک جغرافیائی شناخت نہیں ہے بلکہ ریاست کے اجتماعی شعور، عقیدہ اور روایات کی علامت ہے۔ انہوں نے کنچن جنگا سے وابستہ پانچ وراثتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سونا، چاندی، جواہرات، غذائی اجناس اور مقدس متون سکم کے بھرپور ثقافتی اور قدرتی ورثے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
مضمون میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ سکم ہندوستان کی پہلی مکمل طور پر نامیاتی ریاست ہے، جو ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن کا ایک منفرد ماڈل پیش کرتی ہے۔ سندھیا نے صاف توانائی، نامیاتی کاشتکاری، اور پائیدار سیاحت کو ریاست کی مستقبل کی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سکم میں ترقیاتی کام مقامی برادریوں کی فعال شراکت سے کئے گئے ہیں۔ سڑک، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے باوجود، ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں کی گئی ہیں۔ مضمون میں سکم کے ثقافتی تنوع، بدھ خانقاہوں، مقامی روایات، اور سماجی ہم آہنگی پر بھی تفصیل سے بحث کی گئی ہے۔
سندھیا نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنے والے سالوں میں سکم سبز ترقی، علم پر مبنی معیشت اور پائیدار سیاحت کے شعبوں میں پورے ملک کے لیے ایک تحریک بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکم کا ترقی کا سفر جدیدیت اور روایت کے توازن کی ایک طاقتور مثال پیش کرتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

