
نئی دہلی، 24 مئی (ہ س)۔ نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کینٹربری میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 14 رن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز برابر کر دی۔ تجربہ کار کھلاڑی سوفی ڈیوائن نے نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ 36 سالہ اسٹار کھلاڑی نے 57 گیندوں میں 87 رن بنائے جو انگلینڈ کے خلاف ان کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
آئی سی سی کے مطابق، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سات وکٹوں کی شکست کے بعد یہ فتح انگلینڈ میں کھیلے جانے والے 2026 خواتین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کی تیاریوں کو تقویت دے گی۔ یہ فتح ٹیم کو اضافی اعتماد فراہم کرے گی۔
اس دوران ڈیوائن کی فارم اہم ہوگی، کیونکہ نیوزی لینڈ کی تجربہ کار کھلاڑی نے ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپنے کیرئیر کے اختتام پر دوسرا ٹی20 ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے لیے کوشاں ہوں گی۔
دوسرے ٹی 20آئی میں، ڈیوائن نے میڈی گرین (56 ناٹ آوٹ) کے ساتھ 159 رنوںکی شراکت داری کرکے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹ پر 170 تک پہنچا دیا۔ جواب میں انگلینڈ خواتین کی ٹیم مقررہ 20 اوورمیں 6 وکٹوں پر صرف 156 رن بنا سکی اور 14 رن سے میچ ہار گئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔خواتینٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 12 جون سے شروع ہو گا۔ نیوزی لینڈ کا پہلا میچ 13 جون کو ساوتھمپٹن میں ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

