
نئی دہلی، 24 مئی (ہ س)۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی پر ان کے اس بیان پر حملہ کر رہی ہے کہ مودی حکومت اگلے سال کے اندر گر جائے گی۔ مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل نے راہل گاندھی کے بیان کو ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش قرار دیا۔
پیوش گوئل نے کہا کہ راہل گاندھی کا بیان ملک کے خلاف کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے نام نہاد ٹول کٹ ایجنڈا کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چونکہ کانگریس بی جے پی کو جمہوری طریقے سے شکست دینے میں ناکام ہے، اس لیے اب ملک میں عدم استحکام اور انارکی پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کے عوام کے دلوں سے نکالنا ناممکن ہے اور عوام کانگریس کی سیاست کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔
بی جے پی لیڈر سید شاہنواز حسین نے کہا کہ راہل گاندھی کو سمجھنا چاہئے کہ یہ جمہوری طور پر منتخب حکومت ہے۔ وزیر اعظم مودی ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور راہل گاندھی نے ماضی میں کئی بلند بانگ دعوے کیے ہیں، لیکن ان کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ شاہنواز نے کہا کہ اس قسم کی زبان قومی مفاد میں نہیں ہے۔
بی جے پی قومی جنرل سکریٹری ترون چغ نے کہا کہ کچھ لیڈر غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر کام کرتے ہوئے ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے اپنے نظریے اور شناخت سے سمجھوتہ کیا ہے۔
مرکزی وزیر سکانتا مجمدار نے راہل گاندھی کے بیان کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کے ارکان کو بھی نہیں معلوم کہ راہل گاندھی کیا اور کب کہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس اقلیتی مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ میں راہل گاندھی نے کہا تھا کہ مودی حکومت اگلے سال کے اندر گر جائے گی، اور ملک میں بڑھتی ہوئی معاشی بے اطمینانی ایک بڑا عنصر ہوگی۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈر عمران مسعود نے بھی مسلم ووٹروں تک پارٹی کے کام اور پیغام کو مو ¿ثر طریقے سے پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

