
بنگلورو، 24 مئی (ہ س) ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر بننے کے بعد پہلی بار کرناٹک پہنچے نتن نوین کا ریاستی بی جے پی کے رہنماوں اور کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔ ہفتے کی رات دیر رات بنگلورو پہنچنے پر، بی جے پی کے ریاستی صدر بی وائی وجیندرنے ان کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ سے پارٹی آفس تک پارٹی کارکنوں میں جوش و خروش کا ماحول رہا۔
اتوار کی صبح نتن نوین نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدیورپاکی رہائش گاہ پر ان کی دعوت کے بعدناشتے کی میٹنگ میں شرکت کی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں ریاست میں بی جے پی کی تنظیم کو مضبوط کرنے، آنے والے سیاسی پروگراموں اور انتخابی تیاریوں کے بارے میں غیر رسمی بات چیت ہوئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق میٹنگ میں تنظیم کی فعالیت کو بوتھ لیول تک بڑھانے اور پارٹی کارکنوں کے درمیان تال میل کو مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے آج، نتن نوین نے بنگلورو کے مشہور کدو ملیشورا مندر میںیاست کی خوشحالی اور بی جے پی کی تنظیمی کامیابی کے لیے خصوصی پرارتھناکی۔ مندر کے دورے کے دوران مقامی رہنماوں اور عقیدت مندوں نے ان کا استقبال کیا۔
اس کے بعد بی جے پی کے ریاستی دفتر میں نتن نوین کی صدارت میں کئی اہم میٹنگیں ہوئیں۔ موجودہ اور سابق ایم ایل ایز، ایم پیز، قانون ساز کونسل کے ارکان اور پارٹی کے مختلف عہدیداران نے ان میٹنگوں میں شرکت کی۔ الگ الگ سیشنز میں تنظیم کی حالت، عوامی رابطہ مہم اور آنے والے سیاسی چیلنجوں پر رہنماوں سے رائے طلب کی گئی۔
بی جے پی کی ریاستی کور کمیٹی کی آج شام کو ہونے والی میٹنگ کو سیاسی طور پر اہم سمجھا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی توسیع، آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی، نوجوانوں اور خواتین کے محاذوں کی فعالیت اور پارٹی کارکنوں کے درمیان تال میل جیسے امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پارٹی قیادت آئندہ انتخابات کے پیش نظر اپنے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
نتن نوین نے اپنے دورہ کرناٹک کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایسیدیورپا نے کرناٹک میں بی جے پی تنظیم کی توسیع اور مضبوطی میں انمول تعاون کیا ہے۔ انہوں نے ید یورپا کی 50 سالہ عوامی خدمات، عوامی بہبود کے تئیں ان کے عزم اور ان کے سیاسی تجربے کی ستائش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بی جے پی لیڈروں کا یہ بھی ماننا ہے کہ نتن نوین کا یہ دورہ ریاستی تنظیم میں نئی توانائی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ انتخابات کی تیاریوں کو تیز کرنے میں اہم رول ادا کرے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

