
نئی دہلی، 24 مئی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے کاروار ضلع میں ندی حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والے افراد کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے مرنے والوں کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,000 روپے کی امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیے گئے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ کرناٹک کے کاروار ضلع میں پیش آنے والے سانحے سے بہت افسردہ ہیں۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ کرناٹک کے اترا کنڑ ضلع کے کاروار علاقے میں اتوار کو تاتھی کالو ندی میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے افراد ندی میں سینپ لینے گئے تھے۔ پانی کی سطح اچانک بلند ہوئی اور تیز بہاو کی وجہ سے کئی لوگ بہہ گئے۔ حادثے میں سات خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

