
نئی دہلی، 24 مئی (ہ س)۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے سی بی ایس ای کو ادائیگی کے گیٹ وے سسٹم میں جامع اصلاحات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے مرکزی مالیات اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن کے ساتھ سی بی ایس ای امتحان کے نتائج اور دوبارہ جانچ کے عمل کے دوران طلباءکو درپیش تکنیکی اور ادائیگی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے بعد، سی بی ایس ای کے ادائیگی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے چار پبلک سیکٹر بینکوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مرکزی وزارت تعلیم کے مطابق، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، بینک آف بڑودہ، کینرا بینک اور انڈین بینک پیمنٹ گیٹ وے سسٹم کو مضبوط بنانے اور سی بی ایس ای پوسٹ ایگزامینیشن سروسز پورٹل کے ساتھ ضروری تکنیکی انضمام فراہم کرنے میں تعاون کریں گے۔ یہ بینک بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادائیگی کی غلطیوں کو دور کرنے اور زائد ادائیگیوں کی صورت میں خود بخود رقم کی واپسی کے لیے مضبوط ادائیگی پروٹوکول تیار کرنے میں سی بی ایس ای کی مدد کریں گے۔
وزارت کے مطابق، وزارت خزانہ اور پبلک سیکٹر کے بینکوں کی مربوط کوششوں سے ڈیجیٹل لین دین کو آسان بنانے، ادائیگی کے نظام کے استحکام کو بڑھانے اور دوبارہ تشخیص سمیت خدمات حاصل کرنے والے طلباء کو بہتر تجربہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

