جموں، 05 جولائی (ہ س)۔
ڈوڈہ پولیس نے سوشل میڈیا پر جون 2022 کے بھدرواہ واقعے کی پرانی ویڈیو کو گمراہ کن انداز میں وائرل کیے جانے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی اپیل کی ہے۔پولیس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرل کی جا رہی ویڈیو 9 جون 2022 کے ایک واقعے سے متعلق ہے، جس کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن بھدرواہ میں ایف آئی آر نمبر 92/2022 درج کی گئی تھی اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات پہلے ہی کی جا چکی ہیں۔
بیان کے مطابق اس پرانی ویڈیو کو موجودہ حالات سے جوڑ کر غلط اور گمراہ کن دعوؤں کے ساتھ پھیلایا جا رہا ہے، جس سے عوام میں بے چینی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈوڈہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی خبر یا ویڈیو کو شیئر کرنے سے قبل اس کی تصدیق سرکاری ذرائع سے ضرور کریں اور امن و امان برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے جھوٹی معلومات پھیلانے، نفرت انگیزی، فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے یا عوامی امن خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈوڈہ پولیس نے کہا کہ ضلع میں امن، بھائی چارے اور عوامی نظم و نسق کو برقرار رکھنا اس کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا عوام صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر
