
نئی دہلی، 22 اگست (ہ س)۔
ایسٹ دہلی رائیڈرز نے دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2026 میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آؤٹر دہلی واریئرز کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔ ٹیم کی جیت کے بعد کپتان سمرجیت سنگھ نے ٹیم کے بدلے ہوئے رویے، ٹورنامنٹ کے سست آغاز سے سبق لینے اور فاسٹ بولر میانک یادو کے ساتھ اپنی گیند بازی کی شراکت داری پر کھل کر بات کی۔
میچ کے بعد سمرجیت نے کہا کہ ہم نے بحیثیت کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دینے اور مضبوط ذہن کے ساتھ واپسی کرنے کی کوشش کی۔ ہر میچ کو بہت زیادہ دباؤ کے ساتھ کھیلنے یا اس بات کی فکر کرنے کے بجائے کہ ہم ٹورنامنٹ سے باہر ہو رہے ہیں یا اندر، ہم نے اچھے کرکٹ کھیلنے اور کوچنگ اسٹاف، مینجمنٹ اور شائقین کو یہ دکھانے پر توجہ مرکوز کی کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دوسری ٹیموں کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔ ہم اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں اور مستقبل کے لیے سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جو غلطیاں ہم نے پہلے کی تھیں، انہیں دوبارہ نہ دہرائیں۔ اب مقصد انفرادی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا اور ایک ٹیم کے طور پر ٹورنامنٹ کا اختتام مضبوط انداز میں کرنا ہے۔
سمرجیت نے میانک یادو کی بھی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "میرے خیال میں میانک بھارت کے سب سے تیز گیند باز ہیں۔" انہوں نے کہا کہ میانک دہلی کرکٹ سے وابستہ ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو متاثر کرنے کے ساتھ بھارتی ٹیم کے اپنے تجربات بھی شیئر کرتے ہیں۔ سمرجیت نے میانک کے ساتھ گیند بازی کرنا ذاتی طور پر ایک شاندار تجربہ قرار دیا۔
مقابلے کی بات کریں تو جمعہ کی رات کھیلے گئے میچ میں ایسٹ دہلی رائیڈرز کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آؤٹر دہلی واریئرز کو 19.1 اوور میں محض 134 رنز پر آل آو¿ٹ کردیا۔ واریئرز کی ٹیم 68 رنز پر سات وکٹیں گنوا چکی تھی، لیکن ہرش تیاگی نے 33 گیندوں پر 36 رنز بنا کر ٹیم کو کسی حد تک سنبھالا۔ ایسٹ دہلی کے میانک یادو نے 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آشیش مینا نے 25 رنز دے کر تین اور سمرجیت سنگھ نے 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایسٹ دہلی رائیڈرز نے 135 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ابتدائی جھٹکوں کے باوجود آسانی سے کامیابی حاصل کرلی۔ کاویہ گپتا نے ناٹ آو¿ٹ 48 رنز اور ویبھو بیسلا نے ناٹ آو¿ٹ 32 رنز بنائے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 71 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کرکے ٹیم کو سات وکٹ سے فتح دلا دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ

