
نئی دہلی، 22 اگست (ہ س)۔ مغربی دہلی ضلع کے فتح نگر علاقے میں جمعہ کے روز اونچائی سے گرنے سے ایک مزدور کی موت ہو گئی اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ ڈی ڈی-42 اور ڈی ڈی -43، فتح نگر میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کارکن مناسب حفاظتی اقدامات کے بغیر اونچائی پر کام کر رہے تھے اور نیچے گر گئے۔
پولیس کو 21 اگست کی دوپہر کو پی سی آر کال کے ذریعے حادثے کی اطلاع ملی۔ فوری طور پر ہری نگر پولس اسٹیشن کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ تب تک دونوں زخمیوں کو اسپتال لے جایا جا چکا تھا۔ واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کرائم ٹیم اور ایف ایس ایل کی ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مزدور کو اسپتال میں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ تحقیقات میں متوفی کی شناخت گووند پوری کے رہنے والے منا شاہ (44) کے طور پر ہوئی ہے۔
وہیں، حادثے میں زخمی دوسرے مزدور راجیش ساکن سنگم وہار، سنڈے مارکیٹ کو دشمیش اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کے جسم پر شدید چوٹیں آئیں۔ شدید درد کی وجہ سے وہ فی الحال پولیس کو بیان نہیں دے سکا۔ ان کے بیان کی بنیاد پر پولیس حادثے سے متعلق دیگر حقائق کے بارے میں معلومات اکٹھی کرے گی۔ جائے وقوعہ کے معائنے، شواہد اور اردگرد کے حالات کی بنیاد پر کی گئی ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دونوں کارکن سفیدی کرتے ہوئے اونچائی سے گر گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

