Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
جموں میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو خواتین کی مشکلات میں اضافہ

جموں میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے سے گھریلو خواتین کی مشکلات میں اضافہ

جموں, 27 اگست (ہ س)۔ جموں میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں نے عام لوگوں، خصوصاً گھریلو خواتین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ 15 دن کے دوران پیاز کی قیمت 40 روپے سے بڑھ کر 60 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث گھریلو بجٹ متاثر ہونے لگا ہے۔

خواتین کا کہنا ہے کہ پیاز روزمرہ کھانے کا لازمی حصہ ہے اور تقریباً ہر سبزی کے تڑکے اور سلاد میں استعمال ہوتا ہے، لیکن قیمت بڑھنے کے باعث اس کی خریداری محدود کرنا پڑ رہی ہے۔ کئی خاندان جو پہلے تین سے چار کلو پیاز خریدتے تھے، اب ایک کلو سے ہی گزارا کرنے پر مجبور ہیں۔

تاجروں کے مطابق دیگر ریاستوں میں بارش کے باعث پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا ہے جبکہ نئی فصل کی آمد میں بھی تاخیر ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے منڈی میں سپلائی متاثر ہوئی اور قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ریہڑی کے سبزی فروش منوج دوبے نے بتایا کہ منڈی میں پیاز مہنگا ہونے کے ساتھ خراب حالت میں بھی پہنچ رہا ہے۔ ان کے مطابق دکاندار پیاز منافع کے لیے نہیں بلکہ صارفین کی ضرورت پوری کرنے کے لیے رکھ رہے ہیں۔

نروال منڈی کے تھوک تاجر راج کمار راجا نے کہا کہ بارش کے باعث مختلف ریاستوں میں فصلیں متاثر ہوئی ہیں اور نئی فصل آنے میں وقت لگے گا۔ ان کے مطابق عوام کو آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ تک مہنگے پیاز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری گوداموں میں ذخیرہ پیاز بازار میں جاری کیا جائے تاکہ قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔ ساتھ ہی ذخیرہ اندوزی اور کالابازاری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔جموں کی متعدد خواتین نے بھی پیاز کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو سستے داموں پیاز فراہم کرنے اور قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu