
کانپور، 27 اگست (ہ س)۔ اتر پردیش کے کانپور میں گوالٹولی تھانہ علاقے کے تحت نتھا پوروا گاؤں کے مضافات میں ایک تربیتی طیارہ جمعرات کی دوپہرگر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ٹرینی پائلٹ اور انسٹرکٹر ہلاک ہو گئے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور فوری طور پر راحت و بچاؤ کام شروع کئے۔
پولیس کمشنر رگھوبیر لال نے بتایا کہ چکیری میں واقع گرگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے چار سیٹوں والے ڈوئل انجن ٹیکنم طیارے نے صبح تقریباً 11:30 بجے اڑان بھری تھی۔ ٹریننگ سینٹر کے انسٹرکٹر سچن بھاٹیہ ساکن گجرات اور کرناٹک کے ٹرینی پائلٹ ابھیشیک پجاری طیارے کو لے کر تقریباً 20منٹ کی پرواز کے بعد چکیری سے گنگا بیراج علاقے کے قریب نتھا پورواں گاؤں پہنچے ہی تھے کہ اچانک طیارہ اونچائی سے ایک کھیت میں جا گرا۔ طیارہ گرنے کی آواز سے جائے وقوعہ پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ کچھ ہی دیر میں گاو¿ں والوں کی بھیڑ جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔
مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ طیارے میں پھنسے دونوں پائلٹوں کو نکال کراسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ابتدائی طور پر موت کی وجہ بلندی سے گرنے سے شدید چوٹیں بتائی گئی ہیں۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ محکمہ ہوا بازی سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ سچن بھاٹیہ کو تقریباً 3000 گھنٹے پرواز کا تجربہ تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کے بعد طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس کے پرزے میدان میں بکھر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ اور آس پاس کے دیگر شواہد کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کو حادثے کی اطلاع دی گئی ہے۔ ڈی جی سی اے کی ٹیم طیارہ حادثے کی تکنیکی اور دیگر تفصیلی تحقیقات کرے گی۔
پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق، طیارے کو تربیت کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ کمپنی نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا تھا کہ 2023 سے گرگ ایوی ایشن کی ملکیت والے طیارے میں دیکھ بھال کی کوئی کمی نہیں تھی۔ تاہم حادثے کی وجوہات کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے۔ طیارے کی تکنیکی حالت اور دیکھ بھال کے ریکارڈ کی تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

