
ہائی کورٹ نے حکومت اور جے پی ایس سی سے جواب طلب کیا، اگلی سماعت 24 ستمبر کو
رانچی، 28 اگست (ہ س)۔ جھارکھنڈ حکومت کی جانب سے جاری اس نوٹیفکیشن کو چیلنج کرنے والی عرضی پر جمعہ کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر (اے پی پی) ریگولر اور بیک لاگ امتحانات کی تقرری کے عمل پر روک لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے فی الحال حکومت کے حکم پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔
مقدمے کی سماعت جسٹس دیپک روشن کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے عرضی پر ریاستی حکومت اور جھارکھنڈ پبلک سروس کمیشن (جے پی ایس سی) سے جواب طلب کیا ہے۔ معاملے کی اگلی سماعت 24 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے ایڈووکیٹ اندر جیت سنہا اور ایڈووکیٹ انوراگ کشیپ نے عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کیا۔ وہیں جے پی ایس سی کی جانب سے ایڈووکیٹ سنجے پیپراوال نے پیروی کی۔
عرضی میں جن امتحانات کی تقرری کے عمل کو ملتوی کرنے کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے، ان میں اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر ریگولر امتحان، اشتہار نمبر 6/2025 اور اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر بیک لاگ امتحان، اشتہار نمبر 5/2025 شامل ہیں۔
اس سلسلے میں آلوک رنجن، آدتیہ بھاسکر، آنند سنگھ اور انیرودھ اوجھا نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے تقرری کے عمل پر روک لگانے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے راحت کی درخواست کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کی تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر ریاستی حکومت نے ان تمام امتحانات کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، جن میں ٹی ڈی ایل شامل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سال 2014 سے منعقد ہونے والے تمام تقرری امتحانات میں ممکنہ بے ضابطگیوں کی بھی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ان اعلانات کے بعد محکمہ پرسنل، انتظامی اصلاحات اور راج بھاشا کی جانب سے امتحانات منسوخ کرنے، تقرری کے عمل کو ملتوی کرنے اور تحقیقات کے دائرے میں امتحانات کو شامل کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، 22 امتحانات منسوخ، 6 امتحانات کا عمل ملتوی اور 17 امتحانات کو تحقیقات کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

