Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
دموہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت، الگ الگ ریلوے ٹریکس پر لاشیں ملیں

دموہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت، الگ الگ ریلوے ٹریکس پر لاشیں ملیں

دموہ، 28 اگست (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے ضلع دموہ میں جمعہ کے روز ایک ہی خاندان کے تین ارکان کی موت ہو گئی۔ خاندان کے 28 سالہ نوجوان کی لاش کریا ہزاری ریلوے پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ملی، جبکہ کچھ دیر بعد اس کے والدین کی لاشیں بھی دموہ شہر کے دھرم پورہ ریلوے پھاٹک کے پاس ریلوے ٹریک پر ملنے کی اطلاع سامنے آئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریلوے پولیس کی ٹیمیں دونوں مقامات پر پہنچیں اور جانچ شروع کی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق مہلوکین کی شناخت بھرت اہیروار، ان کی اہلیہ اوما اہیروار اور بیٹے مکیش اہیروار کے طور پر ہوئی ہے۔ مکیش کی لاش دموہ-کٹنی ریل سیکشن پر کریا ہزاری پھاٹک کے قریب ملی۔ اطلاع ملنے پر ڈائل-112، آر پی ایف اور جی آر پی کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور ضروری کارروائی شروع کی۔

اس کے بعد دموہ شہر کے دھرم پورہ ریلوے پھاٹک کے قریب بھرت اہیروار اور ان کی اہلیہ اوما کی لاشیں ملنے کی اطلاع سامنے آئی۔ دونوں ضلع اسپتال دموہ میں بطور گارڈ تعینات بتائے جا رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سٹی کوتوالی پولیس اور جی آر پی کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔

لواحقین کے مطابق، جمعہ کی صبح خاندان میں کسی بات کو لے کر تنازعہ ہوا تھا۔ اس کے بعد مکیش کے کریا ہزاری ریلوے پھاٹک کی طرف جانے کی بات سامنے آئی۔ کچھ دیر بعد ریلوے ٹریک پر اس کی موت کی اطلاع اہل خانہ کو ملی۔ لواحقین کے مطابق بیٹے کی موت کی خبر ملنے کے بعد اس کے والدین بھی سخت صدمے میں تھے۔ اس کے بعد دھرم پورہ ریلوے پھاٹک کے قریب دونوں کی لاشیں ملنے کی اطلاع سامنے آئی۔ تاہم دونوں واقعات کے درمیان حقیقی ربط کیا ہے اور پورا واقعہ کس طرح پیش آیا، اس کی تصدیق پولیس کی جانچ کے بعد ہی ہو سکے گی۔

ایک ہی خاندان کے تین ارکان کی موت کی اطلاع ملنے کے بعد جی آر پی، آر پی ایف اور سٹی کوتوالی پولیس کی ٹیمیں دونوں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کی۔ جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ ہی پولیس اہلِ خانہ اور آس پاس موجود لوگوں سے بھی معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی ریلوے ٹریک کے آس پاس بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ پولیس نے لوگوں سے جائے وقوعہ سے دور رہنے اور جانچ میں تعاون کرنے کی اپیل کی۔

فی الحال پولیس تینوں اموات کے پس پردہ حالات اور دونوں واقعات کے درمیان ممکنہ تعلق کی جانچ کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پر تینوں کی موت ٹرین کی زد میں آنے سے ہونا بتائی جا رہی ہے۔ خاندانی تنازعہ کے کردار سمیت دیگر تمام پہلووں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس کی جانچ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی واقعہ کے اسباب اور پورے معاملے کی باضابطہ صورتحال واضح ہو سکے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu