Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
قومی یومِ کھیل پر ملک نے میجر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کیا، رادھا کرشنن-برلا سمیت کئی رہنماوں نے نیک خواہشات پیش کیں

قومی یومِ کھیل پر ملک نے میجر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کیا، رادھا کرشنن-برلا سمیت کئی رہنماوں نے نیک خواہشات پیش کیں

نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔

قومی یومِ کھیل کے موقع پر ہفتہ کے روز نائب صدر جمہوریہ ہند سی پی رادھا کرشنن اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت کئی مرکزی وزراء اور رہنماوں نے ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی۔ رہنماوں نے ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کے کھیلوں کے شعبے میں ان کے تعاون کو یاد کیا۔

نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ہم وطنوں کو قومی یومِ کھیل کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میجر دھیان چند کی عظیم وراثت ملک میں عزم، نظم و ضبط اور عمدگی کے جذبے کو جلا بخشتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا تیزی سے مستحکم ہوتا اسپورٹس ایکو سسٹم ہر سطح پر صلاحیتوں کو نکھارنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہندوستانی کھلاڑی عالمی سطح پر مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ملک کا وقار بڑھا رہے ہیں۔ رادھا کرشنن نے عوام سے فٹنس کو فروغ دینے، کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے اور نوجوانوں کو محنت و پختہ عزم کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے ترغیب دینے کی اپیل کی۔

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے میجر دھیان چند کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بے مثال صلاحیت، نظم و ضبط، لگن اور قوم کے لیے کھیلنے کے جذبے نے ہندوستانی ہاکی کو عالمی سطح پر باوقار شناخت دلائی۔ انہوں نے کہا کہ 'ہاکی کے جادوگر' کا ورثہ آج بھی ملک کے کروڑوں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ میجر دھیان چند نے یہ ثابت کیا کہ صلاحیت کو محنت، نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم کے ذریعے غیر معمولی کامیابیوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ میجر دھیان چند نے اپنی غیر معمولی صلاحیت کے بل بوتے پر ہندوستانی ہاکی کو عالمی سطح پر نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ میجر دھیان چند کی کھیل میں مہارت ایسی تھی کہ پوری دنیا ان کے ہاکی کے انداز کی معترف تھی۔ آزادی سے قبل کے دور میں بھی انہوں نے اپنے کھیل سے ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا۔ شاہ نے ان کے نظم و ضبط، محنت اور قوم کے تئیں لگن کو ہندوستانی کھیلوں کی دنیا کا انمول اثاثہ قرار دیا۔

مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہیں نتن گڈکری نے بھی ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پدم بھوشن سے سرفراز میجر دھیان چند کو مودبانہ سلام پیش کیا۔

مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میجر دھیان چند کی بے مثال مہارت، لگن اور ہاکی سے ان کی محبت نے ہندوستانیوں کی کئی نسلوں کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کھلاڑیوں کو بااختیار بنانے، نوجوان صلاحیتوں کو نکھارنے اور کھیلوں سے وابستہ امنگوں کو قومی کامیابیوں میں بدلنے کے لیے ایک مضبوط اسپورٹس ایکو سسٹم تیار کیا جا رہا ہے۔

مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے کہا کہ میجر دھیان چند کی حیرت انگیز کھیل کی صلاحیت، نظم و ضبط اور حب الوطنی نے ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پر باوقار مقام دلایا۔ انہوں نے کہا کہ میجر دھیان چند کی زندگی اور خدمات آنے والی نسلوں کو کھیلوں سے وابستگی اور اعلیٰ معیار حاصل کرنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔ انہوں نے عظیم ہاکی کھلاڑی کے ورثے کو ملک کے کھلاڑیوں کے لیے ہمیشہ کا سرچشمۂ ہدایت قرار دیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu