
لاتور، ممبئی ، 2 ستمبر (ہ س)۔ بھارتی ڈاک محکمہ نے صارفین کی شکایات اور مسائل کو زیادہ مؤثر اور تیز رفتاری سے حل کرنے کے لیے ستمبر 2026 سے ہر ماہ ڈاک عدالت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صارفین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے یہ ڈاک عدالت ڈویژنل، علاقائی اور سرکل سطح پر ہر ماہ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے ہفتے میں منعقد کی جائے گی۔اس اقدام کے تحت ضرورت پڑنے پر صارفین کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بھی ڈاک عدالت کی کارروائی میں شامل ہونے کی سہولت دی جائے گی۔ صارفین اپنی شکایات یا مسائل ڈاک کے ذریعے، متعلقہ دفتر میں ذاتی طور پر حاضر ہوکر یا [spolatur.mah@gmail.com](mailto:spolatur.mah@gmail.com) کے ای میل پتے پر ارسال کرسکیں گے۔ موصول ہونے والی شکایات کی متعلقہ دفتر کی جانب سے تفصیلی جانچ کی جائے گی اور اگر ممکن ہوا تو ڈاک عدالت کے دوران ہی ان کا ازالہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈاک عدالت میں موصول ہونے والی تمام شکایات کا لازمی طور پر 14 دن کے اندر ازالہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈویژنل سطح کی ڈاک عدالت ہر ماہ کے پہلے پیر کو منعقد کی جائے گی۔ اگر پہلے پیر کو سرکاری تعطیل ہوئی تو عدالت اس کے بعد آنے والے اگلے کام کے دن منعقد ہوگی۔ ڈاک عدالت صبح 11 بجے سے 12 بجے تک ڈاک سپرنٹنڈنٹ دفتر، لاتور ڈویژن، لاتور ہیڈ پوسٹ آفس عمارت، دوسری منزل، مہاتما گاندھی چوک، لاتور 413512 میں منعقد کی جائے گی۔ ڈاک عدالت کے دن صارفین کو ضروری تعاون فراہم کرنے اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی کارروائی میں مناسب تال میل قائم رکھنے کے لیے لاتور ہیڈ پوسٹ آفس میں ایک پبلک ریلیشن آفیسر کی تقرری کی گئی ہے۔ لاتور ڈویژن کے ڈاک سپرنٹنڈنٹ آر ایس بوٹل وار نے علاقے کے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنی شکایات اور مسائل ڈاک عدالت کے ذریعے پیش کریں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے

