
نئی دہلی، 02 ستمبر (ہ س)۔
مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی کنجراپو رام موہن نائیڈو نے 'از آف ڈوئنگ بزنس' کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس ضمن میں 15 دنوں کے اندر وقت کے پابند اقدامات کی ہدایت دی۔
وزارتِ شہری ہوا بازی نے بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا کہ وزیر برائے شہری ہوا بازی کنجراپو رام موہن نائیڈو نے وزارتِ شہری ہوا بازی اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ میں نائیڈو نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ مذکورہ بالا اقدامات سمیت این او سی کے عمل کو آسان، خودکار اور غیر مرکوز (ڈی سینٹرلائز) بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیں، ان پر کام کریں اور 15 دنوں کی مقررہ مدت کے اندر ان کے نفاذ کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لائیں۔
میٹنگ میں شہری ہوا بازی کے شعبے میں کاروبار میں آسانی کو فروغ دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جس میں عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کرنے کے عمل کو آسان اور منظم بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ میٹنگ کے دوران نائیڈو نے این او سی کے عمل کو آسان، شفاف، خودکار اور وقت کا پابند بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو۔ مجوزہ اصلاحات کا مقصد عام لوگوں، سوسائٹیوں، بلڈرز اور صنعتی شعبے کے افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ ہوا بازی کی حفاظت سے متعلق ضابطہ جاتی تقاضوں کی باضابطہ پاسداری ہوتی رہے۔
وزارت کے مطابق نائیڈو نے ابتدائی مرحلے میں ہی درخواست گزاروں کو خاص طور پر دہلی، ممبئی اور حیدرآباد جیسے بڑے میٹروپولیٹن شہروں میں عمارت کی درست/مقررہ اونچائی دستیاب کرانے کے عملی امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس طرح کے نقطہ نظر سے درخواست گزاروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے اور ابتدا ہی سے نافذ العمل اونچائی کی پابندیوں کے مطابق اپنی عمارت کی تعمیر کا منصوبہ بنانے میں مدد ملے گی۔
نائیڈو نے اس بات پر زور دیا کہ ان اصلاحات کا مجموعی مقصد تجاویز کی بروقت اور جلد از جلد منظوری کو یقینی بنانا ہے، جس میں متعلقہ ڈیٹا اور درست اونچائی کی معلومات کو ویب سائٹ سمیت عوامی طور پر، شفاف انداز میں دستیاب کرایا جائے اور ہوا بازی کے تحفظ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن

