
ممبئی، 9 اکتوبر(ہ س)۔ اداکار راج کمار راؤ کی آنے والی فلم 'پرہار: دی اُجول نکم اسٹوری' کے حوالے سے ناظرین میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ فلم کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد اب فلم سازوں نے نیا گانا 'تجھ میں بسی میری جان' ریلیز کردیا ہے۔ اس گانے میں راج کمار راؤ اور وامیکا گبی کی خوبصورت جوڑی نظر آرہی ہے۔ دونوں کے درمیان رومانوی کیمسٹری اور جذباتی لمحات نے گانے کو خاص بنا دیا ہے۔
ٹی سیریز کے بینر تلے جاری کیے گئے اس گانے کی موسیقی پریتم نے ترتیب دی ہے، جبکہ اس کے بول امیتابھ بھٹاچاریہ نے لکھے ہیں۔ شریا گھوشال اور سونو نگم کی سریلی آوازوں نے گانے کو رومانوی رنگ دیا ہے۔ گانے کی ویڈیو میں فلم کے دونوں اہم کرداروں کی شادی اور اس کے بعد کی زندگی کے خوبصورت لمحات دکھائے گئے ہیں۔ موسیقی، جذبات سے بھرپور بول اور دونوں فنکاروں کی جوڑی کے ذریعے ان کے رشتے کی گہرائی کو پردے پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
میڈاک فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم 'پرہار: دی اُجول نکم اسٹوری' ایک سوانحی ڈرامہ ہے، جس میں راج کمار راؤ ہندوستانی وکیل اُجول نکم کا کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری اَویناش ارون نے کی ہے۔فلم کی کہانی 26 نومبر 2008 کو ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے ملزم اجمل قصاب کو سزائے موت دلانے کے لیے لڑی گئی قانونی جنگ پر مبنی ہے۔ فلم میں جہاں قانونی جدوجہد اور انصاف کی لڑائی کو نمایاں کیا جائے گا، وہیں نیا گانا کہانی کے جذباتی پہلو کو بھی سامنے لاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan

