Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
نانا پاٹیکر کو یاد کرکے جذباتی ہوئے امیتابھ بچن

نانا پاٹیکر کو یاد کرکے جذباتی ہوئے امیتابھ بچن

ممبئی، 9 اکتوبر (ہ س): معروف اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال سے پوری فلمی دنیا سوگوار ہے۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے بھی اپنے شو 'کون بنے گا کروڑ پتی 18' کے اسٹیج سے انہیں جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

امیتابھ نے نانا کو ایک غیر معمولی فنکار، سچا دوست اور سماج کے لیے وقف انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سادگی، ایمانداری اور سچ بولنے کی ہمت انہیں دوسروں سے الگ بناتی تھی۔ ان کے اچانک دنیا سے رخصت ہونے پر بھارتی فلم انڈسٹری کے ساتھ ساتھ انہیں جاننے والے لوگ بھی صدمے میں ہیں۔

امیتابھ نے شو میں کہا کہ کچھ لوگ دنیا سے رخصت ہونے کے بعد بھی اپنی آواز، نیک اعمال اور خیالات کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ نانا بھی ایسی ہی شخصیت کے مالک تھے۔

انہوں نے کہا، ''نانا، میں آپ کو ذاتی طور پر سلام پیش کرتا ہوں اور اس فن کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، جسے آپ نے پوری ایمانداری کے ساتھ جیا اور ہم سب کے لیے وقف کیا۔''

امیتابھ نے 'کے بی سی' کے اسٹیج پر نانا کی سابقہ موجودگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ یادگار شام ہمیشہ شو کی ٹیم کے ساتھ رہے گی۔

میگا اسٹار نے نانا کی سماجی خدمات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شو میں جیتی گئی رقم کو نیک کاموں میں استعمال کرکے نانا نے سماجی خدمت کی مثال قائم کی تھی۔ مہاراشٹر کے خشک سالی سے متاثرہ دیہات میں کسانوں کی مدد کے لیے ان کی کوششوں کو یاد کرتے ہوئے امیتابھ نے کہا کہ نانا ہمیشہ ضرورت مندوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہے۔

انہوں نے 'کے بی سی' خاندان کی جانب سے آنجہانی اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

امیتابھ نے شو کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ وہ اس خبر سے صدمے میں ہیں۔ کچھ دن پہلے تک پیغامات کے ذریعے نانا سے رابطہ قائم تھا، لیکن اب ان کا کوئی پیغام نہیں آئے گا۔

واضح رہے کہ 75 سالہ نانا پاٹیکر کا جمعرات کو گوا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا تھا۔ ان کی آخری رسومات پونے کے کھڑک واسلا علاقے میں واقع ڈونجے فارم ہاؤس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔

انہیں آخری وداعی دینے کے لیے خاندان کے افراد، فلمی دنیا کی شخصیات، دوستوں اور سیاسی شعبے سے وابستہ کئی لوگوں نے شرکت کی۔

نانا کے انتقال سے بھارتی سنیما نے ایک ایسے فنکار کو کھو دیا ہے، جن کی اداکاری اور سماجی حساسیت کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu