
بھاگلپور، 9 اکتوبر (ہ س)۔ آئندہ درگا پوجا کے تہوار کو پُرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منعقد کرانے کے لیے بھاگلپور ضلع انتظامیہ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ قانون و انتظام برقرار رکھنے اور شرپسند عناصر سے نمٹنے کے لیے پولیس انتظامیہ پوری طرح مستعد ہے۔ جائزہ میٹنگ کے بعد جاری احکامات میں واضح کیا گیا ہے کہ تہوار کے دوران ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ضلع انتظامیہ نے صوتی آلودگی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پورے ضلع میں ڈی جے بجانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ پوجا کمیٹیوں کو صرف مقررہ ڈیسی بل کی حد کے اندر روایتی لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
ایس ایس پی نے سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی علاقے میں ڈی جے بجتا پایا گیا تو ڈی جے آپریٹر کے ساتھ متعلقہ پوجا کمیٹی کے عہدیداروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور آلات ضبط کر لیے جائیں گے۔
حکم نامے کے مطابق مورتی کی تنصیب سے لے کر وسرجن تک کسی بھی مذہبی جلوس یا شوبھا یاترا کے لیے انتظامیہ سے پیشگی لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ بغیر اجازت یا لائسنس کے جلوس نکالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مورتی وسرجن کے لیے روٹ چارٹ بھی پہلے سے مقرر کر دیا گیا ہے، جس پر تمام پوجا کمیٹیوں کو عمل کرنا ہوگا۔
تہوار کے نام پر عام لوگوں اور تاجروں سے زبردستی چندہ وصول کرنے والوں کے خلاف بھی انتظامیہ نے سخت موقف اختیار کیا ہے۔ ایس ایس پی نے تمام تھانہ انچارجوں کو ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی شخص یا گروہ زبردستی چندہ مانگتا ہے یا لوگوں کو ڈراتا دھمکاتا ہے تو متاثرہ شخص کی شکایت پر بلا تاخیر ایف آئی آر درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا جائے اور جیل بھیجنے کی کارروائی کی جائے۔
پوجا پنڈالوں اور بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں شرپسند عناصر، خواتین کو ہراساں کرنے والوں اور جیب کتروں پر نظر رکھنے کے لیے سادہ لباس میں خواتین اور مرد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر افواہیں یا اشتعال انگیز پوسٹ پھیلانے والوں پر سائبر سیل 24 گھنٹے نظر رکھے گا۔ افواہیں پھیلانے والوں کی شناخت کرکے فوری کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan

