Dailyhunt Logo
  • Light mode
    Follow system
    Dark mode
    • Play Story
    • App Story
اسکیپیا اور ٹورزم ملیشیا کی شراکت داری، ہندوستانی سیاحوں کے لیے ملیشیا کالنگ مہم شروع

اسکیپیا اور ٹورزم ملیشیا کی شراکت داری، ہندوستانی سیاحوں کے لیے ملیشیا کالنگ مہم شروع

اسکیپیا اور ٹورزم ملیشیا کی شراکت داری، ہندوستانی سیاحوں کے لیے ملیشیا کالنگ مہم شروع

ممبئی، 9 اکتوبر (ہ س)۔ ہندوستان کی معروف ٹریول فن ٹیک کمپنی اسکیپیا اور ٹورزم ملیشیا نے مشترکہ طور پر ملیشیا کالنگ کے نام سے 4 ماہ کی خصوصی سیاحتی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ہندوستانی سیاحوں کو ملیشیا کے روایتی سیاحتی مقامات کوالالمپور اور گینٹنگ ہائی لینڈز تک محدود رہنے کے بجائے ملک کی ثقافت، قدرتی خوبصورتی اور مہم جوئی کے مختلف مقامات کی سیر کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہندوستانی مسافروں کو ملیشیا کے نئے سیاحتی مقامات سے متعارف کرانے کے ساتھ فضائی سفر، ہوٹلوں اور مختلف سیاحتی سرگرمیوں پر خصوصی رعایتیں اور انعامات فراہم کیے جائیں گے۔

اس شراکت داری کے بارے میں اسکیپیا کے شعبہ اسٹریٹجک اینڈ ٹریول پارٹنرشپس کے سربراہ آنند کنداڈائی نے کہا کہ بھارتی مسافروں کی ملیشیا میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے کمپنی انہیں اس ملک کے مزید خوبصورت اور کم معروف مقامات کی سیر کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملیشیا کالنگ مہم کے ذریعے صارفین کو بہتر سفری تجربے کے ساتھ پرکشش انعامات اور خصوصی پیشکشوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد مسافروں کو روایتی سیاحتی مقامات کے علاوہ ملیشیا کی دیگر خصوصیات سے بھی واقف کرانا ہے۔

ممبئی میں ملیشیا کی قونصل جنرل مس نجویٰ مشرفہ رملی نے کہا کہ بھارت ملیشیا کے لیے ایک انتہائی اہم سیاحتی بازار ہے۔ ہندوستانی سیاح اب پہلے سے معروف سیاحتی راستوں کے بجائے نئے اور مختلف مقامات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2023 سے ہندوستانی شہریوں کے لیے متعارف کرائی گئی ویزا فری داخلے کی سہولت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ ملا ہے۔ جنوری سے اگست 2026 کے دوران مجموعی طور پر 9,62,983 ہندوستانی سیاحوں نے ملیشیا کا دورہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ہندوستان کے 10 سے زیادہ شہروں سے ملیشیا کے لیے ہر ہفتے 193 براہ راست پروازیں دستیاب ہیں۔ ان فضائی سہولتوں سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی روابط مزید مضبوط ہورہے ہیں۔

گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بھارت سے ملیشیا جانے والے مسافروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسکیپیا کے پلیٹ فارم پر ملیشیا کے لیے پروازوں کی بکنگ میں تقریباً 4 گنا اضافہ درج کیا گیا ہے، جبکہ ہوٹلوں کی بکنگ تقریباً دوگنی ہوگئی ہے۔ کمپنی کے مطابق بڑھتی ہوئی طلب کو مزید فروغ دینے کے لیے ملیشیا کالنگ مہم شروع کی گئی ہے۔ اس کے تحت ہندوستانی سیاحوں کو صباح، سراواک، پینانگ، ملاکا اور لانگکاوی جیسے مختلف سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ ملیشیا کی ثقافتی خصوصیات، قدرتی مناظر اور مہم جوئی سے متعلق سرگرمیوں سے بھی واقف ہوسکیں۔

اس خصوصی مہم کے دوران اسکیپیا کے صارفین کو فضائی ٹکٹوں، ہوٹلوں کی بکنگ اور مختلف سیاحتی تجربات پر پرکشش رعایتوں کے ساتھ اضافی اسکیپیا کوائنز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ کمپنی اور ٹورزم ملیشیا کی اس مشترکہ کوشش کا مقصد ہندوستانی مسافروں کو زیادہ متنوع سفری مواقع فراہم کرنا اور ملیشیا کے مختلف علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ دونوں اداروں کو توقع ہے کہ اس مہم سے بھارتی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مزید تقویت ملے گی۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے

Dailyhunt
Disclaimer: This content has not been generated, created or edited by Dailyhunt. Publisher: Hindusthan Samachar Urdu