
لکھنؤ، 9 اکتوبر (ہ س)۔ 68500 اسسٹنٹ ٹیچر بھرتی میں ریزرویشن سے متعلق بے ضابطگیوں کو دور کرنے اور ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کے حکم پر عمل درآمد کے مطالبے کو لے کر امیدواروں نے جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر پنکج چودھری کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا۔ اس دوران امیدواروں نے زور دار نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے۔ احتجاج کے پیش نظر موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
احتجاج کے بعد بی جے پی کے ریاستی صدر پنکج چودھری نے امیدواروں سے ملاقات کی اور ان کی عرضداشت قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ان کے علم میں ہے۔ انہوں نے امیدواروں کو یقین دلایا کہ ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن کے حکم پر عمل کرایا جائے گا اور کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے جلد مسائل حل کرکے اہل امیدواروں کو انصاف دلانے کی بات بھی کہی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے امیدواروں کو مٹھائی کھلائی اور پانی بھی پلایا۔
تحریک کی قیادت کرنے والے امیدوار طوفان سنگھ نے کہا کہ 68500 اساتذہ کی بھرتی میں ریزرویشن کے ضوابط پر عمل درآمد میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف امیدواروں نے ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ کمیشن نے متعلقہ محکمے کو حکم دیا تھا کہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو ریزرو زمرہ تسلیم کرتے ہوئے 150 میں سے 60 نمبر، یعنی 40 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کے نتائج میں ترمیم کرکے انہیں تقرری دی جائے۔ اس کے علاوہ ریزرویشن میں بے ضابطگی کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم، ان کے مطابق، اب تک حکم کے مطابق مطلوبہ کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
تحریک میں شریک رہنما آشوتوش ورما نے کہا کہ امیدوار طویل عرصے سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ حکومت اور متعلقہ افسران تک اپنی بات پہنچانے کے باوجود مسئلے کا حل نہ نکلنے کے سبب انہیں بار بار احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی سلسلے میں 'دستک دو مہم' کے تحت بی جے پی کے ریاستی صدر کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا گیا۔
جمعہ کے دھرنے میں نوین چودھری، اکھل کمار، نسیم، رنجنا جیسوال، شیوویر، امیش گپتا، ونود پرجاپتی، پرتیما کشواہا، راکیش شاہنی، سمن، کرن موریا، رینا کشواہا، راجندر ورما، رام پرویش، منیش پٹوا، اودھیش شاکیہ، ریشیتا پال اور سچدانند سمیت ہزاروں امیدوار موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

