
۔ عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم کے اعزاز میں یوگی کابینہ کا بڑا فیصلہ
لکھنؤ، 9 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے جیور میں واقع نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اب نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نام سے جانا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی صدارت میں جمعہ کو ہونے والی اتر پردیش کابینہ کی میٹنگ میں ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر کیے گئے اس فیصلے کو وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کے تئیں ریاستی حکومت کے اظہار تشکر اور اتر پردیش کی ترقی میں ان کی رہنمائی اور خدمات کے اعتراف کی علامت قرار دیا۔
میٹنگ کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کابینہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے پر ان کے اعزاز میں ایک قرارداد بھی منظور کی ہے۔ 7 اکتوبر کو وزیر اعظم مودی نے حکومت (گجرات کے وزیر اعلی اور وزیر اعظم کے طور پر )کے سربراہ کے طور پر مسلسل 25 سال کی وقف عوامی خدمت مکمل کی۔ یہ ہندوستان کی جمہوری تاریخ کا ایک قابل فخر باب ہے۔ ان کے 25 سالہ سفر کی بنیاد 'خدمت، لگن اور ملک مقدم' کے جذبے پر رہی ہے۔ یہ سفر محض اقتدار یا حکمرانی کا نہیں، بلکہ 'عوامی خدمت سے عوامی فلاح اور عوامی شراکت داری سے عوامی اعتماد' تک کا سفر ہے۔
جیور ایئرپورٹ کا نیا نام
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیور میں واقع نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ وزیر اعظم کی جانب سے اتر پردیش کو دیا گیا ایک بڑا تحفہ ہے۔ آنے والے وقت میں یہ ایئرپورٹ ریاست کی معیشت، صنعت، سیاحت اور عالمی رابطوں کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔ اسی جذبے کے تحت کابینہ نے ایئرپورٹ کا نام 'نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ' رکھنے کی تجویز منظور کی ہے۔
کابینہ نے وزیر اعظم مودی کی 25 سالہ عوامی خدمات، ان کی مسلسل رہنمائی، اتر پردیش کی ترقی کے تئیں ان کی مستقل وابستگی اور ملک کو نئی سمت دینے والی قیادت کے لیے اظہار تشکر کیا۔ کابینہ نے وزیر اعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں ریاستی حکومت 'وکست اتر پردیش، وکست بھارت 2047' کے عزم کو پورا کرنے کے لیے پوری توانائی، خلوص اور عزم کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔
کاشی سے جیور تک، وزیر اعظم کا اتر پردیش سے خصوصی لگاو
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم کاشی سے منتخب عوامی نمائندے ہیں اور اتر پردیش کی سرزمین سے ملک کی قیادت کر رہے ہیں۔ کاشی اور وزیر اعظم کا تعلق محض سیاسی نمائندگی تک محدود نہیں رہا، بلکہ کاشی کی ترقی، روحانی احیا اور اتر پردیش کی مجموعی ترقی کے درمیان ایک نیا رشتہ قائم ہوا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اتر پردیش میں تقریباً 2,483 کلومیٹر طویل 42 قومی شاہراہوں پر تقریباً 60 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
فریٹ کوریڈور سے ڈیفنس کوریڈور تک، صنعتی منظرنامے میں تبدیلی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتر پردیش ملک کے بڑے لاجسٹکس اور صنعتی مراکز میں سے ایک کے طور پر ابھر رہا ہے۔ دادری ایسٹرن اور ویسٹرن ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور کا ایک اہم جنکشن بن چکا ہے۔ ایک ہزار 50 کلومیٹر سے زیادہ طویل ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور ریاست سے گزرتا ہے۔
وارانسی میں قومی آبی گزرگاہ نمبر ایک پر ملک کا پہلا ملٹی موڈل اندرون ملک بندرگاہی ٹرمینل اور 100 ایکڑ پر پھیلا ملک کا پہلا فریٹ ولیج تیار کیا گیا ہے۔ لکھنؤ میں براہموس میزائل اسمبلی یونٹ، اتر پردیش ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈور اور ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل پی ایم متر ٹیکسٹائل پارک صنعتی ترقی کی نئی راہیں متعین کر رہے ہیں۔
کسانوں کی فلاح و بہبود کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وزیر اعظم کسان سمان ندھی اسکیم کے تحت اتر پردیش کے تین کروڑ سے زیادہ کسانوں کے کھاتوں میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم براہ راست منتقل کی جا چکی ہے۔ تقریباً 86 لاکھ کسانوں کے قرض معاف کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت اتر پردیش میں 65 لاکھ سے زیادہ غریب خاندانوں کو مکانات فراہم کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم غریب کلیان انّ یوجنا کے تحت 3.67 کروڑ راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کے تقریباً 15 کروڑ افراد کو مفت اناج فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق، آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت ریاست میں تقریباً 6.08 کروڑ آیوشمان کارڈ بنائے گئے ہیں۔ ریاست کے 9.90 کروڑ سے زیادہ شہریوں کو صحت بیمہ کی سہولت حاصل ہوئی ہے۔ سنگین بیماریوں میں مبتلا 1.09 کروڑ سے زیادہ مریضوں کو 18,798 کروڑ روپے کے مفت علاج کا فائدہ پہنچا ہے۔
سوچھ بھارت مشن کے تحت ریاست میں 3.37 کروڑ سے زیادہ بیت الخلا اور 59,183 کمیونٹی بیت الخلا تعمیر کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم اجولا یوجنا کے تحت 1.86 کروڑ مفت ایل پی جی کنکشن فراہم کیے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت ہولی اور دیوالی کے موقع پر خواتین کو مفت ایل پی جی سلنڈر بھی فراہم کر رہی ہے۔
خواتین کو بااختیار بنانے سے دیہی معیشت کو تقویت ملی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لکھ پتی دیدی مہم کے تحت 10 لاکھ اپنی مدد آپ گروپوں سے ایک کروڑ سے زیادہ خواتین وابستہ ہیں۔ پردھان منتری سواندھی یوجنا کے تحت 15 لاکھ سے زیادہ خوانچہ فروشوں کو مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔
سوامتو یوجنا کے تحت 91 ہزار سے زیادہ گاو¿ں میں کام کیا گیا ہے اور 1.10 کروڑ سے زیادہ دیہی خاندانوں کو گھرونی کے ذریعے ان کی جائیداد کا ثبوت فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی، سماجی اور سیاسی شراکت داری میں اضافہ ہوا ہے۔ او بی سی کمیشن کو آئینی درجہ دینے، معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے 10 فیصد ریزرویشن اور درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل سمیت سماج کے آخری درجے پر کھڑے افراد کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
اتر پردیش کی ہنرمندی کو 'مقامی سے عالمی' سطح تک پہنچایا
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 'ایک ضلع، ایک مصنوعات' اسکیم نے اتر پردیش کی مقامی مصنوعات اور دست کاری کو بین الاقوامی شناخت دلائی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے بیرون ملک دوروں کے دوران کاشی کی گلابی میناکاری، نظام آباد کی بلیک پاٹری، قنوج کے عطر اور لکھنو¿ کی زردوزی جیسی اتر پردیش کی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔
نوجوانوں کو روزگار، تربیت اور ڈیجیٹل سہولتیں
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سوامی وویکانند یوتھ امپاورمنٹ اسکیم کے تحت 62 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ دیے گئے ہیں۔ ریاست میں 9.50 لاکھ سے زیادہ سرکاری تقرریاں ہوئی ہیں، جبکہ 65 لاکھ نوجوانوں کو نجی شعبے میں روزگار ملا ہے۔
روزگار میلوں، آئی ٹی آئی اور اسکل ڈیولپمنٹ مشن کے ذریعے 31.11 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو تربیت دی گئی ہے۔ میرٹھ میں میجر دھیان چند اسپورٹس یونیورسٹی، کاشی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس اور نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس جیسے منصوبوں نے کھیلوں اور نوجوان صلاحیتوں کو نئی سمت دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد

