
پٹنہ، 9 اکتوبر (ہ س) ۔بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے 'سیوا ،سنکلپ اور کایاکلپ ابھیان' پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کے لیے متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ تیزی اور معیاری انداز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے لیے تمام محکمہ پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کام کریں اور منصوبوں پر عمل درآمد کے دوران معیار اور مقررہ وقت کا خاص خیال رکھیں۔وزیر اعلیٰ نے جمعہ کے روزاپنی رہائش گاہ پر مہم کی پیش رفت اور اس پر مؤثر عمل درآمد کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران انہوں نے اسکولوں، صحت مراکز، بس اسٹینڈوں اور شہری و دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے رنگ و روغن، چہار دیواری کی تعمیر اور مرمت کے کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بہتر بیت الخلا، صاف پینے کا پانی، بجلی اور دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔سمراٹ چودھری نے ضرورت کے مطابق اضافی کلاس روم تعمیر کرنے اور عمارت سے محروم اسکولوں کے لیے نئی عمارتیں بنانے کی بھی ہدایت دی، تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے آنگن باڑی مراکز کی تعمیر میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔وزیر اعلیٰ نے پرائمری صحت مراکز، سب ڈویژنل صحت مراکز اور ضلعی صحت مراکز میں انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو تمام ضروری سہولیات ملنی چاہئیں اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے صحت مراکز میں صفائی، ضروری سہولیات اور مریضوں کی آسانی کا خصوصی خیال رکھنے کو کہا۔انہوں نے بس اسٹینڈوں کی صفائی اور خوب صورتی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ بس اسٹینڈوں سے سفر کرتے ہیں۔ اس لیے مسافروں کی حفاظت کے ساتھ ان کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ نے شہری اور دیہی علاقوں میں بند پڑی اسٹریٹ لائٹس کو جلد از جلد چالو کرنے اور ضرورت کے مطابق نئی لائٹس لگانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سرکاری نل کی مناسب مرمت کرانے اور انہیں مکمل طور پر فعال رکھنے پر بھی زور دیا، تاکہ عام لوگوں کو ان سہولیات کا بھرپور فائدہ مل سکے۔آخر میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے افسران سے کہا کہ مہم کے تحت طے شدہ کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کریں اور بنیادی سہولیات کی صورت حال میں مؤثر بہتری لانا یقینی بنائیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan

