
ممبئی، 23 نومبر (ہ س)۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'رامائن' اپنی شاندار تیاری اور فن کاروں کے ساتھ ساتھ موسیقی کے حوالے سے بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ فلم کی موسیقی کی ذمہ داری آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان اور ہانس زیمر کو سونپی گئی ہے۔
اے آر رحمان نے حال ہی میں ایک گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ فلم 'رامائن' کی موسیقی پر پوری توجہ مرکوز کرنے کے لیے انہوں نے تقریباً 10 سے 12 فلموں میں موسیقی دینے کی پیش کش ٹھکرا دی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ کو اپنا پورا وقت اور تخلیقی صلاحیتیں دینا چاہتے تھے۔
رحمان نے بتایا کہ وہ گزشتہ تین سال سے فلم کی موسیقی، تھیم اور دیگر دھنوں پر کام کر رہے ہیں۔ اس دوران کئی دھنوں کے 12 سے 13 مختلف ورژن تیار کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 'راون تانڈو' کی دھن پر بھی کئی مرتبہ کام کیا گیا اور آخرکار ایسا ورژن تیار ہوا جسے سبھی نے پسند کیا۔
رحمان کے مطابق یہ پورا عمل ان کے لیے ایک نہایت خوب صورت تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ کئی بڑے فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کی پیش کش ٹھکرانے کے باوجود انہیں اپنے اس فیصلے پر فخر ہے۔ وہ کسی بھی پروجیکٹ کو اسی وقت قبول کرتے ہیں جب وہ ان کی تخلیقی سوچ اور فن سے ہم آہنگ ہو۔
فلم 'رامائن: حصہ اول' کے میوزک البم میں 'جے جے رام'، 'راون تانڈو' اور 'سیتا از اسپائریشن' جیسے گانے شامل ہیں۔
'جے جے رام' کو اریجیت سنگھ اور شریا گھوشال نے اپنی آواز دی ہے، جبکہ 'راون تانڈو' وشال ددلانی نے گایا ہے۔ 'سیتا از اسپائریشن' میں اے آر امین، ویشالی سامنت، رکشیتا سریش اور انترا نندی کی آوازیں سنائی دیں گی۔
ان گیتوں کے بول شاعر کمار وشواس نے لکھے ہیں۔ البم میں 'جے جے رام' کا آرکسٹرل ورژن اور 'رام تھیم' بھی شامل ہے، جسے اے آر رحمان اور ہانس زیمر نے مل کر تیار کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی

